سری نگر//حکومت نے منگل کو جموں و کشمیر میں آن لائن خدمات کے نفاذ پر پیش رفت کی نگرانی کیلئے ایک “کوآرڈینیشن سیل” تشکیل دیا ہے۔
یہ حکم نامہ حکومت کی جانب سے تمام خدمات کو آن لائن دستیاب کرنے کے اعلان کے ایک دن بعد آیا ہے۔
آج جاری ایک حکم نامہ کے مطابق،”جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں فراہم کی جانے والی آن لائن خدمات کی پیشرفت پر نظر رکھنے کے لئے ایڈیشنل سکریٹری، (جی اے ڈی) وکاس ورما، (جے کے اے ایس)کی مجموعی نگرانی میں جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں ایک کوآرڈینیشن سیل قائم کرنے کو منظوری دی گئی ہے”۔
کوآرڈینیشن سیل کے ممبران میں ڈپٹی سیکرٹری اکشے راجن(جے کے اے ایس) ، انڈر سکریٹری جی اے ڈی نیہا بخشی(جے کے اے ایس)، انڈر سکریٹری محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی روپالی اروڑہ( جے کے اے ایس) ، ایس آئی او، این آئی سی کے زریعے منتخب این آئی سی نمائندے اور سینئر اسسٹنٹ، جی اے ڈی گگندیپ سنگھ شامل ہیں۔
حکم نامہ کے مطابق، کوآرڈینیشن سیل سے کہا گیا ہے کہ وہ تمام اضلاع میں فراہم کی جانے والی تمام آن لائن خدمات کی پیش رفت رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر چیف سیکرٹری کے دفتر میں جمع کرائیں۔
مزید ، “تمام انتظامی محکموں/محکموں کے سربراہان/ڈپٹی کمشنرز، تمام پی ایس یوز/کارپوریشنز کے منیجنگ ڈائریکٹرز اپنے اپنے محکموں/دفاتر کی طرف سے فراہم کی جانے والی آن لائن خدمات کی پیشرفت پر نظر رکھنے کے لیے اپنے متعلقہ دفاتر میں اسی طرح کے کوآرڈینیشن سیل تشکیل دیں گے۔(وہ) اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ان کے متعلقہ محکموں/ دائرہ اختیار میں تمام خدمات صرف آن لائن موڈ کے ذریعے فراہم کی جائیں”۔
حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس معاملے میں کی گئی کارروائی کی رپورٹ اور پیش رفت کو روزانہ کی بنیاد پر جی اے ڈی کے ساتھ تمام متعلقہ عہدیدار شیئر کریں گے۔
آن لائن خدمات کی نگرانی کیلئے ’کوآرڈینیشن سیل‘ قائم