نئی دہلی//فوج کے سربراہ جنرل منوج پانڈے نے جمعرات کو کہا کہ جموں و کشمیر میں 2022 میں دراندازی کی کوششوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔ اسی دوران سرحد کے اس پار سے دراندازی کی12 کوششوں میں 18 درانداز مارے گئے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ فوج اور بی ایس ایف نے جموں خطہ میں آئی بی (بین الاقوامی سرحد) کے ساتھ ساتھ “دشمن” کی طرف سے ہتھیاروں اور منشیات کو ڈرون کے زریعے گرانے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے ڈرون جیمرز خریدے ہیں۔
دہلی میں فوج کے سالانہ ڈے پرمیڈیا سے خطاب کرتے ہوئے، فوجی سربراہ نے کہا کہ سال 2022 میں دراندازی کے اعداد و شمار میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔
جنرل پانڈے نے کہا، ”سال 2022 میں جموں و کشمیر میں دراندازی کی صرف 12 کوششیں ہوئیں جن میں 18 درانداز مارے گئے ہیں”۔
انہوں نے کہا کہ فوج کا کاونٹر انفلٹریشن گرڈ مضبوط ہے حالانکہ دشمن اب دوسرے راستوں سے دراندازوں کو اس طرف بھیجنے اور ڈرون کے زریعے ہتھیار گرانے کوترجیح دے رہے ہیں جن میں پیر پنجال، جموں اور بین الاقوامی سرحد شامل ہیں ۔
ڈرون چیلنجز کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ فوج نے ڈرون جیمرز اور دیگر آلات خریدے ہیں تاکہ ڈرون کے زریعے گرائے جا رہے ہتھیاروں، گولہ بارود اور منشیات کا مقابلہ کیا جا سکے۔
جموں وکشمیر میں گزشتہ سال دراندازی میں نمایاں کمی آئی:فوجی سربراہ