سید امجد شاہ
جموں//جموں میں شدید دھند کے بیچ میدانی علاقوں میں ہلکی بارش اور بالائی علاقوں بشمول نتھا ٹاپ اور پٹنی ٹاپ جیسے سیاحتی مقامات پر برفباری کے ساتھ سردی کی لہر نے خطہ کواپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔محکمہ موسمیات کے عہدیدارنے بتایا کہ جموں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت یعنی 12.5 ڈگری سیلسیس اور رات کا کم سے کم درجہ حرارت 8.0 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔انکاکہناتھا”جموں میں شام 5بجکر30منٹ تک ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ہے “۔انہوںنے مزید کہا “جموں کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور 13 جنوری 2023 تک خطے کے بالائی علاقوں میں برفباری کی توقع ہے”۔تاہم دیر شام میدانی جموںمیں بارشیں تیز ہوئیں اور آخری اطلاعات ملنے تک بارشیں ہورہی تھیں۔ادھر پٹنی ٹاپ اور نتھا ٹاپ میں برف باری ہورہی ہے ۔دریں اثنا، حکام نے بتایا کہ کم سے کم مرئیت کی وجہ سے آٹھ مسافر پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں اور چار دیگر پروازیں جموں ہوائی اڈے پر منسوخ کر دی گئیں۔حکام نے کہا’’چار منسوخ پروازوں میں سے دو دہلی سے، ایک لیہہ سے اور دوسری سری نگر سے تھیں‘‘۔اس دوران کم از کم ایک درجن ٹرینیں اپنے مقررہ وقت سے تاخیر سے پہنچیں۔ شمالی ریلوئے کے ایک افسر نے بتایا کہ ٹاٹا نگر جموں توی ٹرین 9 گھنٹے، راجدھانی 9 گھنٹے، مالوا ایکسپریس 7 گھنٹے، ہمسفر ایکسپریس 5 گھنٹے، بیگم پورہ ایکسپریس ساڑھے تین گھنٹے، جہلم ایکسپریس اور دیگر ٹرینیں بھی کافی تاخیر سے چلی ۔ انہوں نے کہا کہ دھند کے باعث کم روشنی کی وجہ سے گاڑیوں میں تاخیر ہوئی جس کے بعد دن گزرنے کے ساتھ ہی جو ہی ریل گاڑیوں کو چلنے کی اجازت ملی ۔دریں اثناء کمشنر جموں میونسپل کارپوریشن راہول یادو نے کہا کہ “ہم نے غریب لوگوں کو شیلٹر ہوم میں فراہم کیا ہے جو باہو فورٹ کے علاقے میں قائم ہے اور یہ پناہ گاہ مفت ہے”۔انکاکہناتھا”ہمارے پاس ضرورت مند لوگوں کے لیے صرف ایک شیلٹر ہوم ہے۔ تاہم اگر ضرورت پڑی تو ہم لوگوں کو شدید سرد موسمی حالات سے بچانے کے لیے ایسی مزید پناہ گاہیں کھولیں گے‘‘۔
عاصف بٹ+محمد تسکین+اشتیاق ملک +زاہد بشیر
کشتواڑ+بانہال+ڈوڈہ+گول//خطہ چناب کے تینوں اضلاع کشتواڑ ،ڈوڈہ اور رام بن میں محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق برف وباراں کا تازہ سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔خطہ کے پہاڑوں پر برف باری ہورہی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں جم کر بارشیں ہورہی ہیں۔خراب موسم کے بیچ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی جاری ہے جبکہ ستھن و مرگن شاہراہیں مسلسل بند پڑی ہوئی ہیں۔
کشتواڑ
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق ضلع کشتواڑ کے بالائی علاقوںمیں برفباری و میدانی علاقوںمیں بارشوں کا سلسلہ بدھ کو د ن بھر جاری رہا جسکے سبب عام زندگی بری طرح مفلوج ہوکر رہ گئی۔بدھ کی صبح ہی بالائی علاقہ جات میں برفباری کاسلسلہ شروع ہوا جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ دوپہر سے شروع ہواجو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھا۔دورافتادہ مڑواہ کے اوپری علاقوں میں دوسے تین انچ ، واڑون کے سکھنائی ، چوئی درمن ، بسمینہ، انشن میں چارانچ ، گندھاری ،پاڈر ،دچھن میں ایک سے دو انچ، بونجواہ مچیل میں تین سے چار انچ جبکہ ٓالوفارم ،وٹسر کیشوان کے بالائی علاقوں میں چھ انچ سے زائد تازہ برفباری درج کی گئی جبکہ سنتھن و مرگن ٹاپ پر تین سے پانچ فٹ کے قریب برف ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔ادھرقصبہ کشتواڑ ا وراسکے دیگر ملحقہ علاقوں سمیت چھاترو ،چنگام، ٹھکرائی ،درابشالہ ،بونجواہ وغیرہ میںمسلسل بارشوں کے سبب عام زندگی بری طرح مفلوج ہوکررہ گئی ہے اور لوگ گھروں کے اندر ہی محصور ہوچکے ہیں۔کشتواڑ بٹوت قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آواجاہی بلاخلل جاری رہی۔میدانی علاقوں میںبارشوں کے سبب سڑکیں وگلی کوچے زیر آب آگئے ۔
بانہال
بدھ کی صبح سے رام بن بانہال کے سیکٹر میں بارشیں ہورہی ہیں جبکہ ضلع رام بن کی پہاڑی بستیوں اورپیر پنجال پہاڑی سلسلے پر برفباری ہورہی ہے ۔بدھ کی صبح دس بجے سے ہی ضلع رام بن کے میدانی علاقوں میں ہلکی ہلکی بارشوں کا سلسلہ شام تک جاری تھا جبکہ ضلع جواہر ٹنل، چنجلو ، کھڑی کے مہو منگت ، ترگام ، گول اور گنوت رام بن کی انسانی بستیوں کے علاوہ نتھا ٹاپ سمیت پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے پر برفباری ہو رہی ہے۔ بارشوں اور سرد ہواؤں کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ شام تک برفباری کا سلسلہ نچلے علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رہا تھا۔ ہلکی ہلکی بارشوں کے جاری سلسلے کے باوجود تقریباً 270 کلومیٹر لمبی جموں سرینگر قومی شاہراہ پر معمول کا ٹریفک جاری ہے۔
ڈوڈہ
ڈوڈہ ضلع کے پہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو دیر شام تک جاری رہا۔تازہ برفباری و بارشوں سے جہاں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے وہیں متعدد دیہات میں پانی و بجلی نظام متاثر ہوا ہے۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری و گندوہ کے مضافاتی علاقوں سے کئی لوگوں نے کہا کہ منفی درجہ حرارت کی وجہ سے جہاں سردی کی شدید لہر چل رہی ہے وہیں پانی کی کئی سکیمیں جم گئیں ہیں اور بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری ہے ۔
گول
گول و ملحقہ جات میں پہاڑی علاقوں میںپہلی برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ سب ڈویژن گول کے گاگرہ ، بھیمداسہ ، مہا کنڈ ، ڈھیڈہ علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی جبکہ پہاڑوں پر اس سے زیادہ برف جمع ہوئی ہے ۔بدھ کی صبح گیارہ بجے سے پہاڑی علاقوں میں برف باری ہو رہی ہے اور میدانی علاقوں میں بارشیں ہو رہی ہیں ۔ برف باری اور بارشوں کی وجہ سے صبح و شام کے درجہ حرارت میں بہتری آئی ہے جبکہ دن کو سردی میں اضافہ ہوا ہے ۔
عظمیٰ یاسمین+عشرت حسین بٹ+حسین محتشم
راجوری +پونچھ //بدھوار دس بجے تک خطہ پیر پنچال میں ہلکے سے اوسط درجے کی برف باری جاری ہے۔ 11 جنوری سے بدھل ، بکوری ،کوٹرنکہ ،درہال، تھنہ منڈی، دہرہ کی گلی اور ضلع پونچھ کے تمام بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کا آغاز ہوا جو وقفے وقفے سے جاری ہے دوسری جانب میدانی علاقوں میں بھی ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارشوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر بعد دوپہر موسم قدرے صاف بھی ہوا تاہم شام کے وقت ایک مرتبہ پھر گہرے بادلوں نے پورے علاقہ کو گھیر لیا۔ دریں اثناء سب ڈویژن تھنہ منڈی اور مضافات میں درجہ حرارت 3 سے 6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ ادھر محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خطہ پیر پنچال میں مزید برف و باراں کا امکان ظاہر کیا ہے۔ضلع پونچھ کے بالائی علاقوں میں بھی تازہ برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں شدید بارش کا سلسلہ رہا جس کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔ ضلع کے بالائی علاقوں میں بدھ کی صبح سے ہی بارش کے ساتھ ہی برف باری کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا جس کی وجہ سے سردی میں کافی شددت دیکھنے کو ملی ضلع کے ساوجیاں لورن آڑائی علاقوں میں بدھ کی شام تک کافی برف جمع ہوگئی تھی جس کی وجہ سے متعدد سڑکوں پر جمع برف کی وجہ سے پھسلن پید ا ہو گئی تھا۔ ادھر منڈی کے لورن اور ساوجیاں کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ہونے کی وجہ سے ٹھنڈ میں اضافہ ہوا ہے۔تحصیل سرنکوٹ قصبہ کے بالائی علاقوں میں کچھ مقامات پر پہاڑوں پر تازہ برف کی سفید چادر بچھ گئی ہے۔ادھر ضلع کے میدانی علاقوں میں بدھ کی صبح سے ہی بارش کا سلسلہ شروع ہوا تھا کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ۔