اودھم پور//پولیس نے اودھم پور میں ایک بدنامِ زمانہ مجرم کو پستول سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ڈپٹی ایس پی ہیڈکوارٹر اودھم پور ساحل مہاجن کی نگرانی میں ایس ایچ او پولیس تھانہ ادھم پور انسپکٹر رگھوبیر سنگھ کی سربراہی میں پولیس ٹیموں نے ایک بدنام زمانہ مجرم سمران خان ولد بشیر احمد سکنہ جکھینی ادھم پور کو پستول سمیت گرفتار کر لیا اور مسروقہ سامان بھی بازیاب کیا۔
پولیس نے بتایا کہ مذکورہ ملزم ماروتی ویگن آر زیر رجسٹریشن نمبر JK02AE-5823میں سفر کر رہا تھا، جب اسے گرفتار کیا گیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس کی گرفتار کرنے کے بعد پولیس تھانہ اودھم پور میں ملزم کے خلاف آرمز ایکٹ کی دفعہ 3/25کے تحت ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 10/2022 درج کیا گیا۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ ملزم ایک بدنام زمانہ مجرم ہے جو اس وقت این ڈی پی ایس کیس میں عدالت سے ضمانت پر رہا ہے اور چوری کے دیگر مقدمات میں بھی ملوث رہا ہے۔
مزید تفتیش کے دوران یہ بھی پتہ چلا کہ اس نے اپر اوماڑہ موڑ میں چوری کی ہے اور مقدمہ پہلے بھی درج ہے۔ مذکورہ شخص کے انکشاف پر مسروقہ سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔
اودھم پور میں بدنامِ زمانہ مجرم گرفتار،پستول ،مسروقہ سامان برآمد:پولیس