سری نگر//کانگریس کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے کر سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد کی قیادت والی پارٹی میں شامل ہونے والے کم از کم 17 رہنما جمعہ کو نئی دہلی میں دوبارہ کانگریس میں شامل ہو گئے۔
یاد رہے کہ ان رہنماوں نے سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد کی حمایت کے لیے استعفیٰ دے دیا تھا، آزاد نے بعد میں اپنی پارٹی ڈیموکریٹک آزاد پارٹی بنائی، جسے اب ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کا نام دیا گیا ہے۔
نئی دہلی میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں سابق نائب وزیر اعلیٰ تارا چند اور سابق وزیر پیرزادہ محمد سعید ان 17 رہنماؤں میں شامل تھے، جنہوں نے آج دوبارہ کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔
ان رہنماؤں میں تارا چند، پیرزادہ محمد سعید، بلوان سنگھ، ایڈوکیٹ مظفر پرے، ایڈوکیٹ موہندر بھردواج، بھوشن ڈوگرہ، ویرود شرما، نریندر شرما، نریش شرما، امریش منگوترہ، سبھاش بگھاٹ، سنتوش منہاس، بدری ناتھ شرما، ورون منگوترہ، انورادھا شرما اور وجے سرگوترہ شامل ہیں۔
ایم پی راجیہ سبھا اور اے آئی سی سی جنرل سکریٹری (تنظیم)، کے سی وینوگوپال، کی موجودگی میں ان لیڈروں نے دوبارہ پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر سمیت ملک بھر کے ان لیڈروں اور لوگوں نے بھی بھارت جوڑو یاترا کی حمایت کی ہے۔
تارا چند نے پریس کانفرنس کے دوران نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ سیکولر طاقتیں زمین پر موجود مذموم عزائم کو شکست دینے کے لیے ہاتھ جوڑیں۔
انہوں نے کہا”سیکولر ذہن رکھنے والوں کو ملک کی حفاظت کے لیے ہاتھ جوڑنا چاہیے”۔
تارا چند، پیرزادہ محمد سعید سمیت 17 رہنما دوبارہ کانگریس میں شامل