جموں//جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ، صوبائی کمشنر جموں اور اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ سمیت اعلیٰ پولیس حکام اور سینکڑوں لوگ منگل کو راجوری ضلع کے ڈانگری گاؤں کے شمشان گھاٹ میں چھ شہریوں کی آخری رسومات کے لیے جمع ہوئے۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ سینکڑوں لوگ اور سول اور پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ افسران آج صبح ڈنگری گاؤں کے شمشان گھاٹ میں آخری رسومات کے لیے جمع ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عہدیداروں میں ڈی جی پی دلباغ سنگھ، ڈویژنل کمشنر اور اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ سینکڑوں لوگوں نے ایک جلوس نکالا اور نعرے لگائے جب وہ آخری رسومات کے لیے شمشان گھاٹ پر جمع ہوئے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اتوار کی شام ڈانگری گاؤں پر مشتبہ عسکریت پسندوں کے حملے کے بعد 4 شہری ہلاک جبکہ 6 دیگر زخمی ہو گئے۔
اگلی صبح، ڈانگری گاؤں میں مقتول شہریوں کے ایک گھر میں آئی ای ڈی دھماکے سے دو کمسن بچے بھی ہلاک ہوئے اور چند دیگر زخمی ہوئے۔
اس حملے سے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جب کہ سیکیورٹی ادارے حملے کی تفصیلات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پیر کو جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا بھی حالات کا جائزہ لینے اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ڈانگری گاؤں پہنچے۔
انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ سیکیورٹی ایجنسیاں واقعے کی تہہ تک جائیں گی اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کریں گی۔
راجوری حملہ:مہلوکین کی آخری رسومات میں ڈی جی پی،صوبائی کمشنر، اے ڈی جی پی کی شرکت