جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کے روز راجوری ضلع کے اپر ڈھانگری گاوں میں فائرنگ کے واقعہ میں ہلاک ہونے والے شہریوں میں سے ہر ایک کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے ایکس گریشیا اور سرکاری نوکری دینے کا اعلان کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے بھی “بزدلانہ” عسکریت پسندوں کے حملے کی شدید مذمت کی۔
ایک ٹویٹ میں اُنہوں نے کہا،”میں لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ اس گھناونے حملے کے پیچھے جو لوگ ہیں انہیں سزا دی جائے گی۔ میری دعائیں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں “۔
ایک اور ٹویٹ میں ایل جی نے کہا،”اس بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے شہریوں میں سے ہر ایک کے لواحقین کو ایکس گریشیا کے طور پر10 لاکھ روپے اور ایک سرکاری نوکری دی جائے گی،شدید زخمیوں کو 1 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ عہدیداروں کو زخمیوں کے بہترین علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے”۔
یاد رہے کہ گزشتہ شب نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں گاوں میں چار لوگوں کی موت ہوگئی تھی جن کی شناخت پریتم شرما (56) اور اس کے 33 سالہ بیٹے آشیش کمار، دیپک کمار (23)، پی ایچ ای ملازم، اور شیتل کمار (48) کے طور پر ہوئی ہے۔
حملے میں چھ افراد زخمی ہوئے اور جن کو جی ایم سی جموں لے جایا گیا ان میں روہت پنڈت (35) اور شوبم شرما (20) ولد پریتم شرما شامل ہیں۔ جی ایم سی راجوری میں داخل چار زخمیوں میں پون کمار (38)، سروج بالا (35) بیوی شیتل کمار، سشیل کمار (40) ولد کنڈل لال اور اریشی شرما (17) بیٹی شیتل کمار شامل ہیں۔
راجوری فائرنگ :مہلوکین کے اہلِ خانہ کو10 لاکھ روپے،سرکاری ملازمت دی جائے گی:ایل جی