پونچھ سیکٹر میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن
جموں//سدھرا جموں انکاونٹرمیں مارے گئے ملی ٹینٹوں کا ڈی این اے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اورنمونے لیبارٹری بھیج دیئے گئے ہیں۔اس دوران مہلوک ملی ٹینٹوں کی تدفین آر ایس پورہ میںانجام دی گئی ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملی ٹینٹوں کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ اس لیے ان کے ڈی این اے کے نمونے لیے گئے ہیں، تاکہ مستقبل میں پکڑے جانے والے ان کے ساتھیوں کا ڈی این اے میچ کر سکے۔ ملی ٹینٹو ں سے برآمد ہونے والے کیمیکلز، ادویات، چاکلیٹ اور بسکٹ کو بھی جانچ کے لیے لیب بھجوا دیا گیا ہے۔
پولیس نے چاروں مہلوک ملی ٹینٹوں کا پوسٹ مارٹم کیا۔ انہیں بدھ کی دیر شام گئے آر ایس پورہ میں سپرد خاک کیا گیا۔ ان کی تدفین کے لیے آر ایس پورہ کے علاقے میں جگہ کا تعین کیا گیا تھا۔ادھر دفاعی ذرائع کے مطابق پونچھ میں کنٹرول لائن پر کھاری کرمارہ علاقے میں فوجی اہلکاروں نے جمعرات کی شام تقریباً 7 بجے دو سے تین مشتبہ دراندازوں کی نقل و حرکت دیکھی جس کے بعد انہوں نے فائرنگ کی ۔ انہوں نے کہا کہ فوجیوں نے علاقے پر کڑی نظر رکھنے کے لیے فائر شیل فائر کیے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ سرحد پار سے دہشت گردوں کی کوئی نقل و حرکت نہ ہو۔ حکام نے بتایا کہ مشتبہ نقل و حرکت کا پتہ لگانے کیلئے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ کنٹرول لائن کے نزدیک سیکورٹی فورسز نے مشتبہ نقل و حمل دیکھنے کے بعد علاقے کو محاصرے میں لیا ہے اور تلاشی آپریشن بڑے پیمانے پر شروع کر دیا گیا ہے ۔