جموں// جموں و کشمیر کی سٹیٹ انوسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) نے لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کے چار عسکریت پسندوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے، جن میں طالب حسین شاہ بھی شامل ہے۔
اینٹی ملی ٹینسی ایجنسی نے آج ایک بیان میں کہا کہ طالب حسین شاہ اور اس کے تین ساتھیوں کے خلاف پاکستان میں مقیم ہینڈلرز کے کہنے پر ملی ٹینسی کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں ایک خصوصی عدالت میں چارج شیٹ دائر کی گئی ہے۔
راجوری کے رہنے والے طالب حسین شاہ اور پلوامہ کے اس کے کشمیری ساتھی فیصل احمد ڈار کو جولائی میں ضلع ریاسی کے دور افتادہ ٹکسن ڈھوک کے دیہاتیوں نے قابو کیا اور بعد میں پولیس کے حوالے کر دیا۔ اس کے قبضے سے دو اے کے اسالٹ رائفلیں، ایک پستول، سات دستی بم اور بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
مقدمہ ابتدائی طور پر ریاسی کے پولیس تھانہ مہورمیں درج کیا گیا تھا، لیکن بعد میں ایس آئی اے جموں کو منتقل کر دیا گیا تھا۔
تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ محمد قاسم اور ضیاءالرحمٰن،جو عسکریت پسندوں کی صفوں میں شمولیت کے بعد پاکستان چلا گیا۔جس کے بعد ڈرون کا استعمال ہتھیاروں اور دھماکہ خیز مواد کی سپلائی کے لیے کر رہے تھے جنہیں شاہ اور ان کے ساتھیوں نے اکٹھا کیا تھا۔
بیان کے مطابق،تحقیقات میں ثابت ہوا ہے کہ پاکستان میں مقیم ہینڈلرز کی ہدایت پر، شاہ نے جموں و کشمیر کے بہت سے نوجوانوں کو بھرتی کیا تھا اور وادی چناب اور جموں خطے کے پیر پنجال علاقوں میں ملی ٹینسی کے ماحولیاتی نظام کو بحال کیا تھا۔
تفتیش سے یہ بھی ثابت ہوا کہ ملزمان اقلیتوں کے قتل اور عام لوگوں میں خوف پیدا کرنے میں بھی ملوث ہیں۔ انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سیکورٹی فورسز اور اہم تنصیبات پر حملے کریں تاکہ جموں کشمیر کی بھارتی یونین سے علیحدگی کے مقصد کو پورا کیا جا سکے۔
ایس آئی اے نے جموں میں لشکر طیبہ کے چار ملی ٹینٹوں کے خلاف چالان پیش کیا