نیوز ڈیسک
جموں//سکھوں کے 10 ویں گرو اور خالصہ پنتھ کے بانی گرو گوبند سنگھ جی کا 356 واں پرکاش اتسو جمعرات کو جموں کے گرودوارہ سنت میلا سنگھ دستکاری آشرم میں بڑے مذہبی جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔صبح سے ہی عقیدت مندوں کی بڑی تعداد گوردواروں پر پہنچی اور عظیم گرو کو گلہائے عقیدت پیش کیے اور خصوصی دعائیں کیں۔ متعلقہ انتظامی کمیٹیوں کی جانب سے گرودوارہ کو رنگ برنگے پھولوں سے سجایا گیا تھا۔پروگرام میں جموں کشمیر اور باہر کے راگی جتھوں نے شرکت کی اور ’گربانی پاٹھ‘ کا ورد کیا۔ڈگیانہ آشرم میں ‘گرپورب سماگم’ کا اہتمام آل جموں و کشمیر سکھ رابطہ کمیٹی کے چیئرمین اجیت سنگھ نے ‘جموں و کشمیر کی سادھ سنگت’ کے تعاون سے کیا تھا اور مہنت منجیت سنگھ کی نگرانی میں کیا گیا تھا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اجیت سنگھ نے کہا”ہم شرومنی ڈیرہ ننگالی صاحب، پونچھ کے سربراہ مہنت منجیت سنگھ کی نگرانی میں گرو گوبند سنگھ جی کے 356 ویں پرکاش اتسو کو منا کر خوش ہیں۔ دسویں سکھ گرو گوبند سنگھ کی زندگی اور قربانیاں ہمیں لوگوں کی خدمت کرنے اور انصاف کے لیے لڑنے کی ترغیب دیتی ہیں۔ سنگھ نے مزید مشورہ دیا کہ متحد رہیں کیونکہ طاقت اتحاد میں ہے۔گرو گوبند سنگھ کے یوم پیدائش کے موقع پر سنگت کو مبارکباد دیتے ہوئے، سابق جنرل سکریٹری ڈی جی پی سی جموں فتح سنگھ نے کہا، “نویں سکھ گرو تیگ بہادر جی اور ماتا گجری کے اکلوتے بیٹے، گرو گوبند سنگھ مہاراج نے انسانیت کی خاطر اور برادری کے حق کاز کے تحفظ کے لیے اپنی جان اور بیٹوں کو قربان کر دیا۔ دنیا بھر میں لوگ گروپورب مذہبی جوش و خروش سے مناتے ہیں۔ڈگیانہ آشرم میں گرو گوبند سنگھ کے یوم پیدائش کی تقریب کوارڈی نیشن کمیٹی اور سنگت کے تعاون سے منعقد کی گئی۔
گروگوبند سنگھ کے بتائے ہوئے راستے کو اپنانے کی ضرورت
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے گرو گوبند سنگھ جینتی پر مبارکباد دی
جموں//ایل جی منوج سنہا نے گروگوبند سنگھ جی کی سالگرہ پر لوگوںکو مبارکباددیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بتائے ہوئے راستے کو اپنانے کی ضرورت ہے ۔ا نہوں نے کہاکہ اس وقت جب ساری دنیا اندھیروں میں ڈوبی ہوئی ہے گوروجی کی تعلیمات سے روشنی حاصل کرنا وقت کا تقاضا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے شری گورو گوبند سنگھ جینتی کے متبرک موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ گورو جی نے ہمیں روحانی خوشحالی، بے لوث خدمت، قربانی اور انسانیت کا راستہ دکھایا۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں کیا۔انہوں نے کہا: ’شری گورو گوبند سنگھ جینتی کے متبرک موقع پر دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں‘۔ان کا ٹویٹ میں کہنا تھا: ’ گورو جی نے ہمیں روحانی خوشحالی، بے لوث خدمت، قربانی اور انسانیت کا راستہ دکھایا‘۔انہوں نے ٹویٹ مزید کہا: ’چلو ہم ان کی عظیم تعلیمات کے لئے ایک بار پھر اپنے آپ کو وقف کرکے غریبوں کی خدمت کے لئے انتھک محنت کرنے کا عزم کریں‘۔ایل جی نے کہا ہے کہ اس وقت پوری دنیا اندھیرے میں ہے اوراس وقت گروجو کی بتائے ہوئے راستے پر چلنے کی ضرورت ہے تاکہ دنیا میں ان کی تعلیمات کی روشنی پھر پھیل جائے ۔
محبوبہ اور بخاری کی گرو گوبند سنگھ جینتی پر عوام کو مبارکباد
جموں//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محترمہ محبوبہ مفتی نے گرو گوبند سنگھ کی جینتی کے پرمسرت موقع پر لوگوں کو مبارکباد دی ہے۔محبوبہ مفتی نے اپنے پیغام میں کہا کہ گرو گوبند سنگھ کا مساوات، راستبازی، بے لوث خدمت، عالمگیریت، اندرونی پاکیزگی، بھائی چارہ اور سب کے لیے ہمدردی کا پیغام آج بھی انسانیت کی رہنمائی کر رہا ہے۔انہوںنے کہا”گرو گوبند سنگھ جی نے روحانی خوشی، بے لوث خدمت، قربانی اور انسانیت کا راستہ دکھایا۔ آئیے، اس دن ہم اپنے آپ کو ان کی عظیم تعلیمات کے لیے وقف کرنے اور غریبوں اور پسماندہ لوگوں کی بہتری کے لیے انتھک محنت کرنے کا عزم کریں”۔اس دوران اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے گرو گوبند سنگھ جینتی کے موقع پر عوام بالخصوص سکھ برادری کو مبارکباد دی ہے۔ بخاری نے کہا کہ گرو گوبند سنگھ کی تعلیمات گزشتہ کئی صدیوں سے اس کرہ ارض پر رہنے والے لاکھوں لوگوں کی رہنمائی کرتی رہی ہیں۔ امن آشتی اور بھائی چارے سے متعلق ان کے سکھائے ہوئے اصولوں کی افادیت اور اہمیت ہمیشہ قائم رہے گی۔سید محمد الطاف بخاری نے عوام بالخصوص سکھ برادری پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر میں امن اور خوشحالی کے لیے دعا کریں۔ انہوں نے کہا، “جموں اور کشمیر میں طویل عرصے سے جاری ناسازگار حالات اور انتشار کے پیش نظر، گرو گوبند سنگھ کا امن اور ہم آہنگی کا پیغام جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے زیادہ اہم ہے۔ میں سکھ بھائیوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس سرزمین کے امن اور خوشحالی کے لیے دعا کریں۔