نیوز ڈیسک
جموں//سدھرا جموں میں بدھ کی علی الصبح ایک مسلح تصادم آرائی میں چار ملی ٹنٹوں کی ہلاکت کے بعد جموں میں پاکستان مخالف احتجاجی جلوس نکالے گئے جس دوران پاکستانی پرچم نذر آتش کئے گئے ۔ شیو سینا جموں و کشمیر یونٹ کے کارکن صد منیش ساہنی کی قیادت می پارٹی کے مرکزی دفتر کے قریب جمع ہوئے اور پاکستان کا جھنڈا جلایا، پاکستان اور اس کی کٹھ پتلیوں کو خبردار کیا کہ وہ اپنی مذموم سرگرمیوں سے باز آ جائیں۔ساہنی نے اس آپریشن کو بغیر کسی جانی نقصان کے مکمل کرنے پر جموں و کشمیر پولیس کی بہادری کی تعریف کی اور پاکستان اور جنگجوئوں کو خبردار کیا کہ وہ اپنی مذموم اور بزدلانہ کارروائیوں سے باز آ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں سے پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی جموں میں ملی ٹینسی کو بحال کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیکورٹی فورسز اتنی مضبوط ہیں کہ ایسے ملک دشمن عناصر کو ان کے مذموم عزائم کو ناکام بناتے ہوئے انہیں منہ توڑ جواب دیا جا سکتا ہے۔اس دوران ڈوگرہ فرنٹ اور شیو سینا کے کارکنوں نے صدر اشوک گپتا کی قیادت میں جموں شہر میں ایک احتجاجی ریلی نکالی جس میں جموں شہر میں ہونے والے ناکام حملے کے خلاف پاکستانی پرچم نذر آتش کیا گیا۔ پارٹی کارکنوں نے نعرے لگائے اور پاکستان کے وزیر اعظم کی تصویریں نذر آتش کیں۔پارٹی صدر نے جے کے پولیس، پیرا ملٹری فورسز اور ہندوستانی فوج کی بہادری کاوشوں کے لیے تعریف کی کیونکہ انہوں نے ایک الگ تھلگ علاقے میں دہشت گردانہ حملے کو ناکام بنا دیا جس سے شہری جانوں کے ضیاع اور باہمی نقصان کو کم کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان صرف گولیوں اور جنگ کی زبان ہی سمجھتا ہے اور ہمیشہ دہشت گردوں کو بھیجتا رہا ہے اور ہمارے ملک میں منشیات پمپ کرتا رہا ہے ۔ اس دوران مشن سٹیڈ ہڈ سربراہ کی سربراہی میں جانی پور چوک میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیاگیا جس میں پاکستان کے خلاف نعرے بازی کرکے پاکستانی پرچم جلایاگیا جبکہ حکومت سے پاکستان کو سبق سکھانے اور عسکریت کو ختم کرنے پر زور دیاگیا۔راشٹریہ بجرنگ دل کی جانب سے بھی سدھرا تصارم آرائی کے خلاف احتجاج کیاگیا اور پاکستان کو صلواتیں سنانے کے علاوہ ملی ٹینسی کے خلاف نعرے بازی کی گئی ۔