نیوز ڈیسک
جموں//ملک بھر کی طرح جموں میں بھی اتوار کے روز سخت سردی کے بیچ مسیحی برادری کا تہوار کرسمس مذہبی احترام وعقیدت کے ساتھ منایا گیا۔موقعے کی مناسبت سے سب سے بڑی تقریب گاندھی نگر گرجا گھر میں منعقد ہوئی جہاں صبح سے ہی مخصوص لباس میں ملبوس مسیحی برادری سے وابستہ لوگوں مرد و زن اور بچوں نے حاضری دے کر عبادات میں حصہ لیا۔تہوار کے موقع پر جہاں لوگوں نے ایک دوسرے میں تحائف و مٹھائیں تقسیم کیں وہیں دعائیہ مجالس میں بھی دنیا بھر بالخصوص جموںوکشمیرکی ترقی و خوشحالی اور امن و آتشتی کے لئے دعا کی گئیں۔ کرسچن کالونی اور ریذیڈنسی روڈ پر واقع گرجاگھروں میں کرسمس کا تہوار منایاگیا۔اس موقع پرچرچ کے فادرنے بتایا کہ کرسمس محبت، خوشی اور آپسی بھائی چارے کا تہوار ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں ہمیشہ سے ہی یہ تہوار انتہائی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے اور یہاں ہمارے مسلمان بھائی ہمیشہ سے ہی ہمارے ساتھ کھڑے رہ کر اس تہوار کو مناتے آرہے ہیں۔ایک عقیدت مند نے میڈیا کو بتایا کہ یہ امن کا تہوار ہے اور اس میں تمام مذہبوں کے لوگ شرکت کر تے ہیں اور آپس میں محبت اور اخوت کو بانٹتے ہیں۔ جموں میں بھی کرسمس کے موقعے پرمختلف گرجا گھروں کو پرکشش انداز سے سجایا گیا تھا اوراتوار کی صبح سے ہی گرجا گھروں میں مسیحی برادری کے لوگوں کی بھیڑ دیکھی گئی ۔