نیوز ڈیسک
جموں// سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں،کشمیر اور لداخ خطوں کی یکساں ترقی نیشنل کانفرنس کا بنیادی ایجنڈا اور منشور رہا ہے،اور ان علاقوں میں مساوی ترقی و تعمیر کی کوششوں میں انکی جماعت ہمیشہ گامزن رہی ہے۔ جموں اور سانبہ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس جموں کشمیر اور لداخ کے تہذیب ،تمدن اور ثقافت کی امین رہی ہے اور ان خطوں کی انفرادی شناخت اور تشخص کا دفاع کیا ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ لوگوں کی خدمات کو اپنا شعار بنائیں۔ انکا کہنا تھا کہ جموںو کشمیر کے لوگ اس وقت نازک صورتحال سے گزر رہے ہیں اور انہیں مسائل و مشکلات کا سامنا ہے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ اقتدار نیشنل کانفرنس کی کبھی بھی منزل نہیں رہی ہے ،تاہم عوامی خدمات اس جماعت کا شعار رہا ہے کیونکہ نیشنل کانفرنس سمجھتی ہے کہ عوام طاقت کا سرچشمہ ہے اور سرداری عوام کا حق ہے۔انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کو زمینی سطح پر مظبوط بنائیں۔انکا کا کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس ہمیشہ آئینی اور جمہوری اصولوں پر کابند رہی ہے۔عمر عبداللہ نے سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس اور بابا غلام شاہ بادشاہ کے بانی وائس چانسلر چودھری مسعود کے انتقال پر بھی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اہل خا کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
بی جے پی کے دور حکومت میں ترقی رک گئی: رتن لال
نگروٹہ//جموں کے صوبائی صدر رتن لال گپتا نے اتوار کے روز کہا کہ جموں و کشمیر میں ترقی موجودہ حکومت کے تحت رک گئی ہے اور لوگوں کو ہر محاذ پر مشکلات کا سامنا ہے۔سینئر این سی لیڈر گاؤں پنج گرائیں بلاک نگروٹہ میں پارٹی کی ورکرس میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ رتن لال نے کہا کہ جموں و کشمیر میں زبردست ترقی کے بارے میں بی جے پی قیادت کے دعوے زمینی حقیقت کے برعکس ہیں کیونکہ لوگ بنیادی ڈھانچے اور سہولیات کی کمی کا سامنا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج تک لوگ اس حقیقی ترقی کو یاد کرتے ہیں جو جموں و کشمیر نے این سی کے دور حکومت میں دیکھی تھی ۔نگروٹہ حلقہ انتخاب کے بارے میں خاص طور پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت علاقے میں سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے کیونکہ اسے مختلف وجوہات کی بناء پر آبادی کے مسائل سے دوچار حکمرانوں کے رویے کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ نے این سی کے دور حکومت میں نگروٹہ حلقہ کی ترقی کے لیے خصوصی جدوجہد کی لیکن آج حکومت کی بے حسی کی وجہ سے عوام کو کئی مسائل کا سامنا ہے۔یہ کہتے ہوئے کہ بی جے پی کی قیادت انتخابات جیتنے کے لیے تفرقہ انگیز ایجنڈے پر بھروسہ کر رہی ہے لیکن این سی نے کبھی بھی انتخابی فائدے کے لیے لوگوں کو تقسیم کرنے میں یقین نہیں کیا کیونکہ اس کا ہر سطح پر سیکولرازم اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر بے پناہ اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگروٹہ کے مقامی لوگ بھی بے روزگاری کی ریکارڈ توڑ شرح سے متاثر ہیں لیکن موجودہ حکومت بے روزگاری پر قابو پانے کے لیے کچھ نہیں کر رہی جس سے لوگوں کی زندگیوں میں بدحالی کا اضافہ ہو رہا ہے۔رتن لال گپتا نے حکومت سے اپیل کی کہ اسمبلی انتخابات سے قبل جموں و کشمیر کی ریاست کا درجہ بحال کیا جائے کیونکہ یہ لوگوں کو انصاف فراہم کرنے کے لیے ضروری ہے۔