جموں//جموں وکشمیر پولیس نے منگل کو بتایا کہ دہلی میں گزشتہ برس نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور سابق رکن اسمبلی کے قتل کے مبینہ منصوبہ ساز کو جموں میں ایک مختصر انکاونٹر کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ ملزم ہرپریت سنگھ عرف امیت رانا ٹی ایس وزیر کے قتل کے سلسلے میں مطلوب تھا۔
جموں زون کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مکیش سنگھ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ امت رانا کی گرفتاری گاندھی نگر علاقے میں تاجر راکیش اگروال کے گھر پر نقب زنی کی ایک واردات کے بعد عمل میں لائی گئی۔ اُنہوں نے بتایا کہ امت رانا نے پولیس کی وردی پہنے 10 مسلح مجرموں کے ایک گروپ کے ساتھ مل کر متعلقہ تاجر کے گھر ڈکیتی کی تھی۔
پولیس افسر نے کہا کہ پنجاب اور دہلی کے مختلف مقامات پر پولیس کے چھاپوں کے سلسلے میں رانا کے چار ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا گیا اور دو پستول، پانچ لاکھ روپے نقد اور ان کے زیر استعمال پولیس کی وردیاں بھی ضبط کی گئیں۔
اے ڈی جی پی نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں بتایا گیا کہ مجرم، جن میں سے نو پنجاب کے رہائشی ہیں، گاندھی نگر، جموں میں تاجر چودھری ناگر سنگھ کو قتل کرنے آئے تھے لیکن بعد میں اپنے قتل کے منصوبے میں ناکام ہونے کے بعد 10 سے 15 لاکھ روپے نقدی رقم لے کر فرار ہو گئے۔
یاد رہے کہ 67سالہ ترلوچن سنگھ وزیر، جو جموں اور کشمیر قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) کے سابق رکن تھے، گزشتہ برس ستمبر میں مغربی دہلی کے موتی نگر میں ایک فلیٹ میں مردہ پائے گئے تھے۔
قبل ازیں، اس کیس میں دہلی پولیس نے دو ملزمین کو گرفتار کیا گیا تاہم ہرپریت سنگھ مفرور تھا۔
ٹی ایس وزیر کے قتل کا منصوبہ ساز مختصر تصام کے بعد گرفتار:پولیس