مہجور ملک
ریاسی//جموں کے ریاسی علاقے میں پولیس نے جعلی ڈرائیونگ لائسنس فراہم کرنے والے گروہ کو بے نقاب کرتے ہوئے چار افراد کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ریاسی امیت گپتا نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک مخصوص شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی ڈرائیونگ لائسنس ریکیٹ کا پردہ فاش کیا گیا ہے اور دھوکہ دہی میں ملوث چار دھوکہ بازوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سرہ، تحصیل مہور کے ایک رہائشی حق نواز نے پولیس سٹیشن ریاسی میں تحریری شکایت کی کہ اس نے ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دی اور اس کے لیے وہ ایجنٹوں کے ایک گروپ کے ساتھ رابطے میں آیا جنہوں نے لائسنس فراہم کرنے کیلئے 35000 روپے کا تقاضہ کیا ۔ جس کے بعد شکایت ملنے پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ٹیم حرکت میں آئی اور شکایت کنندہ کی نشاندہی پر پناسا تحصیل ٹھکراکوٹ کے راجیش کمار عرف ہیپی کو گرفتار کیا۔تفتیش کے دوران پولیس نے شام لال عرف شامو ساکنہ وجے پور ریاسی کو گرفتار کیا جس نے اسے دھوکہ دیاتھا اور بے ایمانی سے ڈرائیونگ لائسنس بنانے کیلئے 35ہزار روپے لیے تھے اور اسے ٹرانسپورٹ آفیسر آلو، اروناچل پردیش کے ذریعہ جاری کردہ لائسنس فراہم کیاتھا۔مزید تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ راجیش کمار اور شام لال نے پناسا کے جرنیل اور پورکھو کیمپ کے ایک دیپک شرما کے ساتھ مل کر شکایت کنندہ کو جعلی لائسنس فراہم کرکے دھوکہ دیا اور بے ایمانی کرکے اس سے پیسے وصول کئے ہیں۔پولیس ٹیم نے چھاپہ مار کر اکھنور جموں سے دیپک کمار اور ریاسی سے دھوکہ دہی میں ملوث دیگر تمام ملزمان کو گرفتار کیا اور اروناچل پردیش کے ٹرانسپورٹ حکام سے مزید خط و کتابت کی گئی۔ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور کیس میں مزید گرفتاریوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔