ریاسی// ریاسی ضلع میں پولیس نے پیر کے روز ایک جعلی لائسنس ریکیٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے چار افراد کو گرفتار کیا ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، ریاسی، امیت گپتا نے بتایا کہ ایک مخصوص شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی ڈرائیونگ لائسنس ریکیٹ کا پردہ فاش کیا گیا ہے اور دھوکہ دہی میں ملوث چار جعلسازوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سرہ، تحصیل مہورکے حق نواز نے پولیس تھانہ ریاسی میں تحریری شکایت درج کرائی کہ اس نے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے لیے درخواست دی اور اس کے لیے وہ ایجنٹوں کے ایک گروپ کے ساتھ رابطے میں آیا جنہوں نے لائسنس فراہم کرنے کے لیے اس سے 35000روپے وصول کئے۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ شکایت ملنے پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ٹیم حرکت میں آئی اور شکایت کنندہ کی نشاندہی پر پنسہ تحصیل ٹھاکراکوٹ کے راجیش کمار عرف ہیپی کو گرفتار کیا۔
تفتیش کے دوران پولیس نے شام لال عرف شمو ساکنہ وجے پور، ریاسی کو بھی گرفتار کیا جس نے شکایت کنندہ کو دھوکہ دیا اور ڈرائیونگ لائسنس بنانے کے لیے 35000/- روپے لیے اور اسے ٹرانسپورٹ آفیسر آلو، اروناچل پردیش کے ذریعہ جاری کردہ لائسنس فراہم کیا۔
مزید تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ راجیش کمار اور شام لال کے ساتھ پناسا کے جرنیل اور پرکھو کیمپ کے دیپک شرما نے شکایت کنندہ کو جعلی لائسنس فراہم کرکے دھوکہ دیا اور اس کے بدلے میں بڑی رقم اینٹھ لی۔
پولیس ٹیم نے چھاپہ مار کر اکھنور جموں سے دیپک کمار اور ریاسی سے دھوکہ دہی میں ملوث دیگر تمام ملزمان کو گرفتار کیا اور اروناچل پردیش کے ٹرانسپورٹ حکام سے بھی اس حوالے سے بات چیت کی گئی۔
یہ گرفتاریاں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر ریاسی افتخار احمد اور اے ایس پی ریاسی سرجیت بھگت کی نگرانی میں انسپکٹر وجے شرما کی قیادت میں ٹیم نے کیں۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور کیس میں مزید گرفتاریوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔
ریاسی میں جعلی لائسنس ریکیٹ کا پردہ فاش،4جعلساز گرفتار