سرینگر /پرویز احمد / جموں صوبے میں ڈینگی متاثرین کی تعداد میں بتدریج کمی آرہی ہے۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران جموں صوبے میں ڈینگی سے 6کمسن بچوں سمیت مزید 35افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ڈینگی متاثرین کی مجموعی تعداد 7971ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں جمعررات کو ڈینگی سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد 18بنی ہوئی ہے۔ ڈویژنل نوڈل آفیسر جموں ہرجیت رائے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ جمعرات کو ڈینگی کی تشخیص کیلئے 290ٹیسٹ کئے گئے جن میں 35افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں‘‘۔ڈاکٹر رائے کا کہنا تھا کہ متاثرین میں 13خواتین اور 22مرد شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے ،وہاں لوگوں کو ڈینگی سے بچائو کے بارے میں جانکاری فراہم کرنے اور کیمائی ادویات کی چھڑکائو کے ہدایات دئے گئے۔ اعداد و شمار کے مطابق جموںصوبے میں ڈینگی سے متاثر ہونے والے 35افراد میں سب سے زیادہ22 متاثرین جموں ضلع سے تعلق رکھتے ہیں۔ ڈیوشنل نوڈل آفیسر جموں کے مطابق سانبہ میں 3، ادھمپور میں 5، ڈوڈہ میں 4 جبکہ رام بن میں ایک شخص میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔کشمیر صوبے سے تعلق رکھنے والے کسی بھی شخص میں ڈینگی کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ وادی میں ڈینگی میں ڈینگی متاثرین کی مجموعی تعداد 13بنی ہوئی ہے۔ جموں و کشمیر میں ابتک ڈینگی سے 28ہزار 888ٹیسٹ کئے گئے جن میں 7971افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔