جموں//جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ہفتہ کو کہا کہ جب بھی اسمبلی انتخابات ہوں گے وہ لڑیں گے لیکن 05دسمبر کو ہونے والے پارٹی انتخابات نہیں لڑیں گے۔
خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز آبزرور (کے این او)کے مطابق، جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فاروق عبداللہ نے جموں وکشمیر میں جاری افواہوں پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی افواہیں پہلے بھی چلتی رہی ہیں یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ جب بھی اسمبلی انتخابات ہوں گے میں یقینی طور پر لڑوں گا۔ میں 05دسمبر کو پارٹی سربراہ کے انتخاب کے لیے این سی کے انتخابات نہیں لڑوں گا۔ ڈیلیگیٹس پارٹی کے نئے صدر کا انتخاب کریں گےـ”۔
انہوں نے کہا کہ 1996میں این سی کے علاوہ کوئی اور پارٹی نہیں تھی۔
انہوں نے کہا، “یہ این سی ہی تھی جس نے رہبر تعلیم کے تحت اساتذہ کو ملازمت دی اور 300ڈاکٹروں کی تقرری کی گئی”۔
فاروق عبداللہ نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے لیے این سی کی حکمت عملی تیار ہے اور پارٹی انتخابات کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ این سی پرامن جموں و کشمیر اور نئی دہلی کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتی ہے۔
ڈاکٹر فاروق کا یہ دعویٰ ایک دن بعد سامنے آیا ہے جب جموں وکشمیر میں یہ افواہ گرم تھی کہ فاروق عبداللہ نے اپنا سیاسی کیریئر ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور وہ نہ تو پارٹی انتخابات لڑیں گے اور نہ ہی اسمبلی انتخابات میں حصہ لیں گے۔
یقینی طور پر اسمبلی انتخابات لڑوں گا:ڈاکٹر فاروق عبداللہ