ڈوڈہ//ڈوڈہ میں چناب برد ہوئی گاڑی میں لاپتہ ہوئے چار نوجوانوں کے اہل خانہ اور دوست و احباب ،اپنے پیاروں کے بارے میں کسی اپ ڈیٹ کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق، گزشتہ شام پریم نگر کے قریب پیش آئے سڑک حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن شروع کرتے ہوئے حکام کو اگرچہ مسافروں کی صحیح تعداد کے بارے میں فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکا، تاہم حکام نے بتایا کہ متعلقہ پولیس کی طرف سے جمع کی گئی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ سوفٹ کار میں چار نوجوان سوار تھے۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ لاپتہ نوجوانوں کا پتہ لگانے کیلئے آج صبح بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اندھیرے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن گزشتہ شام دیر گئے روک دیا گیا تھا اور آج صبح دوبارہ شروع کیا گیا۔
افسر نے کہا، ’’ہم نے کشتیوں اور دیگر آلات کو کام پر لگا دیا ہے اور لاپتہ افراد کا پتہ لگانے کی تمام کوششیں کی جا رہی ہیں۔
لاپتہ نوجوانوں کی شناخت روہن منگوترا ولد سادھو رام ساکنہ نیاڈنگری، آدت کوتوال ولد راکیش کمار ساکن پریوٹ، سرجیت سنگھ ولد دھرم سنگھ ساکنہ جودھ پور اور وشال چندیل ولد جگدیش شیوا سوہندا کے طور پر ہوئی ہے۔
افسر نے مزید کہا کہ پولیس نے پہلے ہی تھانہ ٹھاٹھری میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور حادثے کے پیچھے کی وجہ جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے۔
ڈوڈہ سڑک حادثہ:لاپتہ نوجوانوں کے اہل خانہ کا انتظار برقرار،بچاؤ کاروائی جاری