بھدرواہ// ڈوڈہ ضلع کے شبنوٹ کرار کے مقام پر منگل کی شام ایک نجی کار سڑک سے لڑھک کر دریائے چناب میں گرگئی جس میں چار افراد کی موت کا خدشہ ہے۔
ایس ڈی ایم ٹھاٹھری، اطہر امین زرگر نے بتایا کہ سفید رنگ کی ایک کار جس میں چار لوگ سوار تھے ڈوڈہ سے کشتواڑجانے کے دوران پریم نگر کے قریب حادثہ کا شکار ہو گئی۔
انہوں نے کہا، “کرار میں پولیس ناکہ پارٹی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، بٹوت کشتواڑ شاہراہ پر ڈرائیور نے گاڑی پر کنٹرول کھو دیااور کار شاہراہ سے پھسل کر دریائے چناب میں جا گری، یہ حادثہ شام ساڑھے سات بجے کے قریب پیش آیا”۔
انہوں نے مزید کہا کہ اطلاع ملنے کے فوراً بعد، ٹھاٹھری پولیس تھانہ کی ایک پولیس پارٹی حرکت میں آگئی اور شبنوٹ میں جائے حادثہ کے قریب تعینات مقامی رضاکاروں اور جے کے ایڈونچرز کی مدد سے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
زرگر نے کہا کہ اندھیرے کی وجہ سے، نہ تو گاڑی اور نہ ہی چار افراد میں سے کسی کا ابھی تک پتہ چل سکا ہے۔
ڈوڈہ میں نجی کار چناب برد، 4 افراد کی موت کا خدشہ