سری نگر//جموں کشمیر پولیس سب انسپکٹر بھرتی گھوٹالے کے سلسلے میں گرفتاری کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے، سی بی آئی نے پیر کو ایک پولیس افسر سمیت 4مزید ملزمان کو گرفتار کیاہے۔ ان 4ملزمان کی گرفتاری کے ساتھ ہی اس سلسلے میں سی بی آئی کی جانب سے کی گئی گرفتاریوں کی کل تعداد 13ہوگئی ہے۔
قابل ذکر بات ہے کہ جموں وکشمیر پولیس میں سب انسپکٹروں کی اسامیوں کی بھرتی کے امتحان میں سنگین بددیانتی اور جعلسازی دیکھی گئی۔ اس معاملے کی جانچ سی بی آئی کر رہی ہے جس نے اب تک 3درجن سے زیادہ مقامات کی تلاشی لی ہے اور 13افراد کو گرفتار کیا ہے جن میں سے کچھ افراد مسلح افواج سے اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں۔
ستمبر میں پولیس کانسٹیبل رمن شرما، اکھنور ٹاؤٹ سریش کمار، اور اکھنور ٹیچر جگدیش شرما کو سی بی آئی نے اس سلسلے میں گرفتار کیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ مزید چار گرفتاریوں میں جموں و کشمیر پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) اشوک کمار، سی آر پی ایف کانسٹیبل سریندر کمار اور پرنٹنگ پریس کے دو کارکن وجیندر سنگھ اور پردیپ کمار بالترتیب ہریانہ اور نئی دہلی سے گرفتار کئے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ امتحان سے ایک دن قبل دہلی اور ہریانہ کے ان پرنٹنگ پریس کارکنوں نے ایجنٹوں کو سوالیہ پرچے فراہم کیے تھے۔ سی آر پی ایف کانسٹیبل سریندر کمار نے امیدواروں کو لیک ہونے والے کاغذات بیچے تھے۔
اُنہوں نے بتایا کہ ہر امیدوار نے 5لاکھ سے 20لاکھ روپے فی پرچہ ادا کیا تھا۔ ملزم جموں و کشمیر پولیس کے اے ایس آئی اشوک کمار کی بیٹی، بیٹا اور داماد میرٹ لسٹ میں شامل تھے۔ میرٹ لسٹ میں شامل زیادہ تر امیدوار راجوری اور سانبہ اضلاع کے مقامی تھے۔ سانبہ میں ایک ہی خاندان کے تین افراد مذکورہ امتحان کامیاب پائے گئے تھے۔
ایس آئی بھرتی گھوٹالہ:پولیس افسر سمیت مزید 4گرفتار