نیوز ڈیسک
کیف// روس نے یوکرین کے دارالحکومت سمیت تین شہروں پر ڈرون حملے کیے جن میں مجموعی طور پر 8افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ 100 سے زائد دیہاتوں کی بجلی منقطع ہوگئی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس نے یوکرین دارالحکومت کیف سمیت دنیپرو اور سمی شہروں پر ڈرون برسائے۔ ایک ڈرون سے سمی کے توانائی پیدا کرنے والی ایک تنصیب کو نشانہ بنایا گیا جس میں چار افراد ہلاک ہوگئے اور 100 سے زائد دیہات تاریکی میں ڈوب گئے۔اسی طرح دارالحکومت کیف میں ڈرون حملے میں 3 اور دنیپرو میں 2 افراد ہلاک ہوئے۔ مجموعی طور پر 8 ہلاکتیں ہوئیں جب کہ درجن سے زائد زخمی ہیں۔ بڑے پیمانے پر عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔روس نے اس بار یوکرین یہ جو ڈرونز گرائے انھیں کامیکاز ڈرون کہا جاتا ہے اور یہ ایرانی ساختہ ہیں۔ان ڈرونز کے اندر بارودی مواد ہوتا ہے اور یہ خود کش بمبار کی طرح ہدف پر پہنچ کر خود کو تباہ کرلیتے ہیں۔ اس لیے انھیں خودکش بمبار بھی کہا جاتا ہے۔
یوکرین کے دارالحکومت کے میئر نے بتایا کہ ضلعے شیوک چینکی وسکوی میں ‘کامیکازے’ ڈرون کے رہائشی عمارت پر حملے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے جس میں حاملہ خاتون بھی شامل تھی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ دھماکوں اور فائرنگ کی آواز سے علاقہ گونج اٹھا جب کہ سیکیورٹی فورسز خودکار ہتھیاروں سے ڈرونز کو مارنے کی کوشش کر رہے تھے۔اپارٹمنٹ بلاک کے بیسٹمنٹ میں پناہ لینے والی 47 سالہ خاتون وکیل عالا ولوشکو نے بتایا کہ یہ پہلے ہی روایت بن چکی ہے کہ یوکرین کے لوگ پیر کو میزائلوں کی آوازوں سے جاگتے ہیں۔عالا ولوشکو کا کہنا تھا کہ میرا بھاگنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، میں پْرسکون ہوں، میں خوف زدہ نہیں ہوں، ہم اپنے گھر پر رہیں گے، جب تک ممکن ہوگا ہم کیف میں رکے رہیں گے۔70 سالہ ریٹائرڈ اولی کیسی نے بتایا کہ وہ کیف میں اپنی اہلیہ کو گاڑی میں دفتر چھوڑنے جارہے تھے جب انہوں نے اپنے فون پر دھماکوں کی رپورٹس دیکھیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہر واقعے پر میرے اندر غصہ بڑھ رہا ہے، میں ڈرا ہوا نہیں ہوں، میں اپنے کتے کے لیے پریشان ہوں۔24 فروری کو شروع ہونے والی جنگ کے بعد گزشتہ ہفتے روس نے بڑے پیمانے پر میزائل حملے کیے تھے، اس کے ایک ہفتے بعد متعدد علاقوں میں فضائی حملے رپورٹ ہوئے ہیں۔وزیر داخلہ نے رپورٹرز کو بتایا کہ متعدد ہلاکتیں دارالحکومت سے باہر بھی رپورٹس ہوئی ہیں، روس نے 40 ڈرونز کو تعینات کیا تھا، جن میں سے زیادہ تر کو یوکرین کی فضائیہ نے مار گرایا۔