محمد شمیم احمد نوری
اسلام کی نظر میں انسانیت کا سب سے مقدّس ومعظّم طبقہ پیغمبرانِ اسلام و انبیائے کرام کا ہے اور پیغمبر ونبی کی حیثیت اپنے امتی کی نسبت سے کیا ہوتی ہے؟ اللّٰہ تعالیٰ نے متعدّد جگہ اس کا ذکر فرمایا ہے، اور وہ یہ کہ نبی انسانیت کا مربی اور معلم ہوتا ہے، وہ تعلیم بھی دیتاہے اور انسانیت کو علم کے سانچے میں ڈھالنے کی بھی کوشش کرتا ہے ۔ارشاد ربانی ہے:’’ یتلو علیھم آیاته و یزکّیھم ویعلّمھم الکتٰب والحکمة‘‘( آل عمران:۱۶۴) جو کسی کو علم و حکمت کی تعلیم دے، یا جس نے ہم کو کچھ بھی سکھایا یا پڑھایا ہو، یا جس سے ہم نے خود کچھ سیکھا ہو، اسی کو استاذکہتے ہیں۔ اساتذہ کے تعلق سے حضرت علیؓ کا ایک فرمان بہت ہی مشہور ہے،’’ من علّمنی حرفاً فقد صیّرنی عبداً ان شاء باع وان شاء عتق‘‘یعنی جس نے مجھے ایک حرف کی بھی تعلیم دی میں اس کا غلام ہوں، خواہ وہ مجھے بیچے یا آزاد کرے(تعلیم المتعلم ص/۲۱)
بلاشبہ ہر مذہب اور ہر سماج میں اساتذہ کو بڑا احترام حاصل رہا ہے اور ویسے بھی انسان جس سے بھی کچھ سیکھے یا علم حاصل کرے، اس کا ادب و احترام اس کے لیے بہت ضروری ہے، کیونکہ اگر سیکھنے والا سِکھانے والے کا ادب و احترام نہیں کرتا تو وہ بد نصیب ہے۔ علم کسی بھی نوعیت کا ہو اس کا عطا کرنے والا بہرحال قابل عزت ہے، اور خاص طور پر علم دین کا سکھانے والا تو بدرجہ اولیٰ ہمارے لئے قابل احترام ہوتا ہے۔
یقیناً یہ ایک ناقابل انکار حقیقت ہے کہ دنیائے علم نے اساتذہ کی حقیقی قدر و منزلت کو کبھی اس طرح اجاگر نہیں کیا، جس طرح اسلام نے انسانوں کو اساتذہ کے بلند مقام و مرتبہ سے آگاہ کیا ہے، اسلام میں اساتذہ کا مقام و مرتبہ بہت ہی ارفع و اعلیٰ ہے۔ اساتذہ کے معلّم و مربی ہونے کی وجہ سے اسلام نے انہیں’’روحانی باپ‘‘ کا درجہ عطا کیا ہے جیسا کہ معلّم انسانیت حضور نبی رحمت صلّی اللّٰہ علیہ وسلّم کا فرمان عالیشان ہے:’’انما انا لکم بمنزلۃ الوالد،اعلّمکم‘‘(یعنی میں تمہارے لئے والد کے درجے میں ہوں، کیونکہ میں تمہیں تعلیم دیتا ہوں)، جس سے یہ بات بالکل واضح ہو جاتی ہے کہ ہمیں اپنے اساتذۂ کرام کے ساتھ کتنے ادب و احترام سے پیش آنا چاہیے۔
حضرت مغیرہ کہتے ہیں کہ ’’ہم اپنےاستاد سے اتنا ڈرتے اور ان کا اتنااحترام کرتے تھے جیسا کہ لوگ بادشاہ سے ڈرا کرتے ہیں‘‘ اور حضرت یحییٰ بن معین جو بہت بڑے محدّث تھے ،امام بخاری کے تعلق سے فرماتے ہیں کہ ’’محدّثین کا جتنا احترام وہ کرتے تھے، اتنا احترام کرتے ہوئے میں نے کسی کو نہیں دیکھا اور حضرت امام ابو یوسف کہتے ہیں کہ ’’میں نے بزرگوں سے سنا ہے کہ جواستاذ کی قدر نہیں کرتا وہ کامیاب نہیں ہوتا‘‘۔( {ایضاً ص/۲۲)
بعض بزرگوں نے تو یہاں تک فرمایاکہ’’ ہمیں اپنے اساتذہ کی اولاداوران کے متعلّقین کی بھی تعظیم وتکریم کرنی چاہئے‘‘۔ صاحبِ ہدایہ فرماتے ہیں کہ’’بخارا کے ایک بہت بڑے امامِ وقت اپنے حلقۂ درس میں مصروفِ درس تھے مگر اثنائے درس کبھی کبھی کھڑے ہوجاتے تھے، جب ان سے اس کا سبب دریافت کیا گیا تو آپ نے فرمایا کہ میرے استاد کا لڑکا گلی میں بچوں کے ساتھ کھیل رہا ہے اور کھیلتے کھیلتے وہ کبھی کبھی مسجد کے دروازے کے پاس آ جا رہا ہے، تو میں اس کے لیے بقصدِ تعظیم کھڑا ہو جاتا ہوں‘‘۔ اس طرح کے بہت سارے واقعات تاریخ و سوانح کی کتابوں میں جابجا بکھرے ہوئے ہیں، جن سے ہمیں یہ اندازہ لگانا قطعی مشکل نہیں ہے کہ تلامذہ کو اپنے اساتذہ کا ادب و احترام کس حد تک کرنا چاہیے؟ لیکن بدقسمتی سے دور حاضر میں رفتہ رفتہ اساتذہ کے ادب و احترام میں کمی آتی جارہی ہے، غالباً یہی وجہ ہے کہ ہم اخلاقی پستی کا شکار ہوتے جا رہے ہیں، جب کہ اساتذہ کا ادب و احترام اور ان کی عزت و تکریم کیے بغیر ہم معاشرے میں کبھی بھی اعلیٰ مقام حاصل نہیں کر سکتے۔
ادب تعلیم کاجوہر ہے زیور ہے جوانی کا
وہی شاگردہیں جوخدمتِ استاد کرتےہیں
<[email protected]