پونچھ//چند برس قبل مرکزی حکومت کی جانب سے ضلع اور تحصیلوںکے صدر مقام سے دیہی علاقوں کو جوڑنے کے لئے پردھان منتری گرامین سڑک یوجنا (پی ایم جی ایس وائی) اسکیم شروع کی گئی تھی جو ابتداء میں تو کافی کامیاب سکیم ثابت ہوئی لیکن اب اس کے تحت تعمیر ہونے والی تمام سڑکیں کئی سال سے نامکمل پڑی ہوئی ہیں۔اس سکیم کے تحت ہر ایک علاقے کو سڑک روابط سے جوڑنے کیلئے کام شروع تو کیاگیالیکن اس کا پایہ تکمیل تک پہنچایاگیا جس کی وجہ سے لوگوں کو کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوسکا اور الٹا ان کی زمینیں ہی ہاتھ سے چلی گئیں ۔انہی سڑکوں میں سے ایک شیندرہ ۔ سیڑھی چوہانہ سڑک بھی ہے جو نہایت ہی سست روی کا شکار ہے۔ مقامی لوگوں نے سڑک کے کام میں سست روی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے چار سال سے اس علاقے کے غریب عوام پریشان حال ہیں، سڑک کی تعمیر شروع کئے جانے کے دوران ان لوگوں نے راحت کی سانس لی تھی کہ اب ان کی مشکلات کم ہوں گی لیکن افسوس کہ اس سڑک کی تعمیرنہیں ہوپائی ۔انہوںنے کہاکہ سڑک کے دوران ہوئی کھدائی سے ان کی کاشت کاری زمین کو بھی نقصان پہنچا اور آج نہ زمین رہی اور نہ ہی سڑک سہولت ملی ۔انہوں نے کہا کہ خصوصی طور پر بارشوں کے دوران محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے زمین کھسک کر ان کی کاشت کی اراضی کو تباہ کر رہی ہے۔مقامی شخص خواجہ محمد عباس نے بتایا کہ سڑک کی لمبائی صرف آٹھ کلو میٹر ہے جو اتنے طویل عرصے کے بعد بھی التوا میں رکھی گئی ہے۔ انہوں نے نے کہا کہ ابھی تک زمین کی کٹائی کا کام بھی مکمل نہیں ہوا۔انہوںنے کہاکہ محکمہ انہیں جان بوجھ کر پریشان کررہاہے اور جو کام ایک سال میں ہوجاناچاہئے تھا،وہ کئی سال بعد بھی ادھورا پڑاہے۔