منڈی//سب ضلع اسپتال منڈی کے زیادہ تر ڈاکٹر اسپتال میں رہائش نہ ہونے کی وجہ سے کرایہ پر رہنے پر مجبور ہیں۔ تین سال قبل سب ضلع اسپتال کے ڈاکٹروں کے لیے رہائشی کوارٹر وںکا کام محکمہ تعمیرات عامہ نے شروع کیا تھا جوا بھی تعمیر کی منازل کو طے نہیں کر پایا جس کی وجہ سے سب ضلع اسپتال منڈی میں کام کر رہے متعدد ڈاکٹر کرایہ کی رہائش لے کر اپنی زندگی گزار رہے ہیں ۔عمارت کی تعمیر میںتاخیرکے حوالے سے بلاک میڈیکل افسر منڈی سید مشتاق حسین کا کہنا ہے کہ تین سال قبل جب ان کوارٹروں کا تعمیری کام شروع کیا گیا تھا تومحکمہ تعمیرات عامہ نے اس کاتخمینہ 80 لاکھ بتایاتھا اور یہ رقم محکمہ صحت نے واگزار بھی کی جس سے عمارت کی زیادہ سے زیادہ تعمیر ہو گئی،تاہم اس کے بعد عمارت تعمیر کام کرنے والے ٹھیکیدار نے کہا کہ واگزار ہوئی رقم خرچ کردی گئی ہے لہٰذا مزید رقم دی جائے تاکہ کام ہوسکے ۔انہوںنے بتایاکہ تب سے آج تک عمارت کی تعمیر کا کام رک گیا ، اس حوالے سے انہوں نے محکمہ کے اعلیٰ افسران کو تحریری طور پر لکھا ہے کہ عمارت کی تعمیر کو مکمل کرنے کے لئے مزید پیسہ واگزار کریں ۔انہوںنے کہاکہ اسپتال میں کوارٹر نہ ہونے کی وجہ سے ڈاکٹروں کو کافی شکلات کا سامناہے اور جس بھی ڈاکٹر کی منڈی میں تعیناتی ہوتی ہے تو رہائش کے نہ ہونے کی وجہ سے وہ منڈی میں آنے سے پہلے ہی تبادلہ کروا دیتا ہے ۔رابطہ کرنے پر محکمہ تعمیرات عامہ کے ایگزیکٹوانجینئرمشتاق رینہ نے کہا کہ اس تعمیر کے لئے محکمہ صحت کی جانب سے محض 80 لاکھ ہی واگزار کیا گیا تھا جس پیسے سے عمارت کا کچھ حصہ تعمیر کر لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے لگائے گئے تخمینہ کے مطابق اس عمارت کی تعمیر پر 80 لاکھ ہی صرف ہونا تھا تاہم ابھی اس پر مزید پیسہ لگے گا۔انہوںنے کہاکہ محکمہ ٹھیکیدار کا قرض دار ہے اور اس وقت اس کام کو مکمل کرنے کیلئے تیس لاکھ روپے درکار ہے جس کی ا دائیگی کا محکمہ صحت نے وعدہ کیاہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی کواٹروں کی تعمیر کاکام مکمل کر کے محکمہ صحت کو سونپ دیاجائے گا۔ منڈی کی عوام نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ اس عمارت کی تعمیر کو جلد مکمل کرے تاکہ منڈی سب ضلع اسپتال میں بھی فزیشن ،سرجن ،ماہر ڈاکٹر تعینات رہیں ۔