گاندربل//گاندربل ضلع میں تحصیل تولہ مولہ اور تحصیل گاندربل میں کاغذی کاروائی مکمل کرنے کے باوجود ہزاروں افراد کی سٹیٹ سبجیکٹ سرٹیفکیٹ منی سیکٹریٹ گاندربل میں اسسٹنٹ ریونیو اور سب ڈویڑنل مجسٹریٹ کنگن کے دفاتر میں دھول چاٹ رہی ہیں جبکہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے خواہش مند افراد روزانہ منی سیکریٹریٹ اور سب ڈویژنل مجسٹریٹ کنگن کے دفاتر کے چکر کاٹ رہے ہیں۔9فروری 2017 کو سابق اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کا تبادلہ عمل میں لایا گیا جس کے بعد نئے اسسٹنٹ کمشنر ریونیوکو 7اپریل 2017 کو تعینات کیا گیا جبکہ کنگن میں ایس ڈی ایم نوکری سے سبکدوش ہوگئے ۔ستم ظریفی یہ ہے کہ نئے اسسٹنٹ کمشنر ریونیواور ایس ڈی ایم کنگن کے پاس مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ پر دستخط کرنے کااختیار منتقل نہیں کیا گیا جو جنرل ایڈمنسٹریٹر ڈیپارٹمنٹ کے حد اختیار میں ہے اور تین ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود بھی اسسٹنٹ کمشنر ریونیو گاندربل کو منتقل نہیں کیا گیا جس کے پیش نظر ہزاروں افراد کی سٹیٹ سبجیکٹ سرٹیفکیٹ تمام لوازمات مکمل کرنے کے باوجود اس دستخط کیلئے رکے ہوئے ہیں۔ کئی طالب علم بھی انتظار میں ہیں کیونکہ انہیں مختلف امتحانات میں شمولیت اور مختلف کورسز میںداخلہ لینے کیلئے یہ سرٹیفکیٹ لازمی ہے۔اس سلسلے میںوزیر مال عبدالرحمان ویری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دو روز کے اندر مسئلہ حل کیا جائے گا۔