سرنکوٹ//پولیس تھانہ سرنکوٹ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس دوران ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے نے کرائم وکریمنل ڈیڈکشن نیٹورک سسٹم کا افتتاح کیا۔ اس موقعہ پر ایس ڈی پی او سرنکوٹ اصغر علی ملک اور ایس ایچ او سرنکوٹ اجے جموال و دیگر پولیس آفیسراور سول سوسائٹی ارکان بھی موجودتھے ۔اس دوران اس نیٹورک سسٹم کے متعلق سسٹم آپریٹروں نے ایس ایس پی کو بریفنگ دی اوربتایاکہ اس کی مدد سے کام تیزی سے نمٹائے جاسکیںگے ۔اپنے خطاب میںایس ایس پی پونچھ نے کہا کہ یہ تمام شہریوں کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگا اور اس میں کسی بھی شہری کو آن لائن دقت نہیں ہوگی۔انہوںنے کہاکہ اس کی بدولت شہری پولیس کو بھی صلاح مشورے دے سکتے ہیں اور نیٹورک کی مدد سے سبھی کو انصاف بھی ملے گا۔ انہوںنے بتایاکہ اس کے ذریعہ تحقیقاتی رپورٹ آسانی سے تیار ہوگی اوراس میں زیادہ وقت بھی نہیں لگے گا۔ایس ایس پی نے مزید بتایاکہ اگر کوئی شخص دوسرے ضلع میں ایف آئی آر درج کراناچاہتاہے تو اس کی لوکیشن تحقیقات بھی اسی نیٹورک کے ذریعہ سے ہوگی اور یہ بآسانی پتہ چل جائے گاکہ اس کا جائے وقوعہ کیاتھا۔اس دوران مقامی لوگوں کی طرف سے ایس ایس پی کے سامنے کچھ مطالبات بھی رکھے گئے ۔انہوںنے کہاکہ یہاں بچوں کے کھیلنے کیلئے کوئی جگہ نہیں اس لئے انہیں کھیل کود کا میدان دیاجائے ۔ انہوںنے مزید کہاکہ سرنکوٹ میں ٹریفک نظام کو بہتر بنایاجائے۔مسائل کے جواب میں ایس ایس پی نے کہاکہ اگر کوئی مناسب جگہ مل جائے تو سرنکوٹ میں کھیل کود کا میدان بنایاجائے گا۔ انہوںنے کہاکہ ٹریفک کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے بھی پولیس کام کررہی ہے اور بہت جلد اس مسئلے سے نجات مل جائے گی ۔