پونچھ//معاون کمشنر محکمہ مال(اے سی آر) اشرف چوہان کی قیادت میں افسران کی ایک ٹیم نے پونچھ بازار کا دورہ کرکے وہاں ناجائز تجاوزات کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی۔اس دوران انہوں نے جہاں بازار میںصارفین کو فروخت کی جا رہی اشیاء کا جائزہ لیکر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے چالان کاٹ کے جرمانہ وصول کیا وہیں بازار میںکھڑی کی گئی ناجائز تجاوازات کوبھی ہٹا یا۔واضح رہے کہ پونچھ بازار میں دوکاندار اپناسامان دکانوں سے باہر سڑک پر لگادیتے ہیں جس کی وجہ سے راہگیروں کو پریشانی ہوتی ہے ۔اس سلسلہ میں کئی بار عوام کی جانب سے انتظامیہ سے شکایت کی گئی تھی جس کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمدزرگرنے اے سی آر کی قیادت میں افسروں کی ایک ٹیم تشکیل دے کر اسے بازار میں کھڑی کی گئی ناجائز تجاوزات ہٹانے کی ہدایت دی ۔اسی تعلق سے ضلع افسران کی ٹیم نے منگل کو بازار کا دورہ کر کے نہ صرف ناجائز تجاوزات کو ہٹایا بلکہ تجاوزات کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے چالان کاٹے اورجرمانہ بھی وصول کیا ۔ اشرف چوہان نے بتایا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر کی ہدایت پر انہوں نے بازار کا دورہ کیا اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی۔انہوں نے کہا کہ وہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے اور اگر لوگ باز نہیں آئے تو ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی ۔