پونچھ // فی میل ملٹی پر پز ہیلتھ ورکرس ایسوسی ایشن کے بینر تلے سرکار کے خلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔اس دوران ملازموں نے سرکار مخالف نعرے لگاتے ہوئے اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا۔ خواتین ملٹی پرپز ورکرس کی جانب سے یہ ریلی چیف میڈیکل افسر پونچھ کے دفتر کے باہر سے نکالی گئی جس میں بڑی تعداد میںملازموں نے حصہ لیا۔اس ریلی کے دوران ملازموں نے اپنے ہاتھوں میں اپنے مطالبات کے حق میں بینر اٹھارکھے تھے ۔انہوںنے تنخواہیں واگزار نہ کرنے پر اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا۔یہ ریلی مختلف راستوں سے گزرتے ہوئے دوبارہ سی ایم او پونچھ کے دفتر میں اختتام پذیر ہوئی جہاں خطاب کرتے ہوئے اصغر علی میر،سردار بلبیر سنگھ اور دیگر مقررین نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیاکہ محکمہ صحت میں تعینات تعینات عملے کو کئی کئی ماہ تک تنخواہوں سے محروم رکھا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تنخواہوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے ملازمین بے حد مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ وہ اجرت کی عدم دستیابی کی وجہ سے ذہنی پریشانیوں کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلے کئی ہفتوں سے وہ لوگ پوری ریاست میںہڑتال پر ہیں لیکن حکومت کو کوئی پرواہ نہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ بار بار ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں سے رابطہ کر چکے ہیں لیکن وہ بھی کچھ نہیں کرتے۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر ان کی تنخواہیں جلد از جلد واگزار نہیں کی گئیں تو اپنی ہڑتال میں مزید شدت لائی جائے گی ۔