سرینگر//حریت (گ)، حریت (ع)،فریڈم پارٹی، تحریک مزاحمت، مسلم کانفرنس ،محاز آزادی،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس ،ینگ مینز لیگ ، تحریک استقامت ، مسلم خواتین مرکز ، پیپلز لیگ، اسلامک پولٹیکل پارٹی،لبریشن فرنٹ( آر )،پیروان ولایت اور پیپلز فریڈم لیگ نے پازل پورہ سوپور میں جاں بحق ہوئے دو جنگجوﺅں گلزار احمد میر اور باسط احمد لون کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی ہٹ دھرمی سے ریاست میں قیمتی انسانی زندگیوں کا اتلاف جاری ہے۔ حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے ریاست میں قیمتی انسانی زندگیوں کا اتلاف جاری ہے اورخطے میں سیاسی غیر یقینیت میں ہر دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ” ہمارے بچے کسی شوق یا مشغلے کے طور بندوق نہیں اٹھاتے ہیں، البتہ بھارتی حکمرانوں کے سیاسی اور پُرامن جدوجہد کے حوالے سے اپنائے گئے روئیے نے اس صورتحال کو جنم دیا ہے اور ریاست کو خاک اور خون میں ڈبونے کیلئے بھی یہی رویہ ذمہ دار ہے“۔ گیلانی صاحب نے کہا ”ہمارے بچے قوم کے بہتر ’کل‘ کیلئے اپنی اٹھتی جوانیوں کو قربان کررہے ہیں۔ وہ ہم پر ایک بھاری ذمہ داری ڈالتے ہیں کہ ہم ان کی قربانیوں کی قدر کریں اور اس مشن کو حصولِ مقصد تک جاری رکھیں، جس کیلئے آج تک 6لاکھ انسانوں کی جانیں چلی گئی ہیں“۔ گیلانی نے جاں بحق ہوئے دونوں نوجوانوں کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اللہ تبارک وتعالیٰ سے دست بدُعا ہیں کہ وہ انہیں صبر جمیل سے نوازے۔انہوں نے عادل احمدمیر پانپورہ کی یاد میں منعقد کی گئی تعزیتی مجلس پر پولیس کی طرف سے دھاوا بولنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ماتم کرنے کی بھی اجازت نہ دینا وحشیانہ حرکت ہے۔حریت (ع) چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے نوجوان ایک مقدس نصب العین کے حصول کےلئے اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کر رہے ہیں تاکہ قوم کو ظلم و جبر اور غلامی کی زنجیروں سے آزاد کیا جا سکے‘۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ی قوم ان جوانوں کی قرضدار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پوری قوم اور قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ موجودہ تحریک مزاحمت کو اپنے منطقی انجام تک پہنچائیں۔فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ نے خراج عقےدت پےش کر تے ہو ئے کہا جو نو جوان جاں بحق ہو ئے وہ اےک خاص مقصد کےلئے اپنی جان ہتھیلی پہ لئے ہو ئے نکلے تھے۔ تحریک مزاحمت کے سربراہ بلال صدیقی نے خراج عقیدت اداکرتے ہوئے کہا کہ ان جوانوں کا لہو ہم سب کے پاس ایک بھاری امانت ہے اور اس کی حفاظت کی ذمہ داری ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے‘۔مسلم کانفرنس کےایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار ،محاز آزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو،ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریشی ، تحریک استقامت چیئرمین غلام نبی وار ، مسلم خواتین مرکز کی چیئرپرسن یاسمین راجا نے اپنے مشترکہ بیان میں گلزار احمد اور باسط احمد کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ پیپلز لیگ کے عبوری چیئرمین محمد مقبول صوفی ،اسلامک پولٹیکل پارٹی کے سربراہ محمدیوسف نقاش ،لبریشن فرنٹ( آر ) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید،پیروان ولایت کے جنرل سیکریٹری آغا سید یعصوب اور پیپلز فریڈم لیگ کے جنرل سیکریٹری محمد رمضان خان نے بھی دونوں جنگجوﺅں کو خراج عقیدت ادا کیا ہے۔