ابو ظہبی//متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی ایمریٹس کا کہنا ہے کہ امریکہ نے اس کی پروازوں پر لیپ ٹاپ لے جانے کی پابندی ’فوری طور پر‘ اٹھا لی ہے۔مارچ میں امریکہ نے آٹھ مسلم اکثریتی ممالک سے امریکہ جانے والی پروازوں پر اس خدشے کے باعث کہ ان میں بم ہوسکتا ہے لیپ ٹاپ لے جانے پر پابندی عائد کی تھی۔ایمریٹس کی ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ انھوں نے امریکی حکام کے ساتھ امریکہ جانے والی تمام پروازوں کے لیے نئی سکیورٹی ہدایات کی ضروریات پوری کرنے کے معاملات طے کر لیے ہیں۔خیال رہے کہ ایمریٹس امریکہ کے 12 شہروں کے لیے پرواز کرتی ہے۔واضح رہے کہ حال ہی میں امریکہ نے ابوظہبی سے اتحاد ایئرلائن کی پروازوں پر لیپ ٹاپ لے جانے کی پابندی اٹھالی تھی۔ادھر ترکی کی ایئرلائنز کے سربراہ کا کہنا ہے کہ وہ امید کرتے ہیں یہ پابندی ان کی ایئرلائن سے بھی جلد اٹھالی جائے گی۔حال ہی میں امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کے سربراہ جان کیلی نے کہا تھا کہ امریکی انتظامیہ جہازوں پر لیپ ٹاپ لے جانے پر پابندی تمام بین الاقوامی پروازوں پر لگانے کی تجویز پر غور کر رہی ہے۔جان کیلی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا خطرہ ہے اور دہشت گرد امریکی جہاز گرانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔اپریل میں ایمریٹس نے مشرق وسطیٰ کے مسافروں کے لیے نئے سکیورٹی اقدامات کی وجہ سے آئندہ ماہ پانچ امریکی شہروں کے لیے پروازوں کی تعداد کم کرنے کا اعلان کیا تھا۔یاد رہے کہ مارچ میں امریکہ کی جانب سے لگائی جانے والی پابندیاں سمارٹ فون سے بڑی ڈیوائس پر ہیں۔ ترکی، مراکش، اردن، مصر، متحدہ عرب امارات، قطر، شعودی عرب اور کویت سے امریکہ جانے والی پروازوں پر ڈیوائس جیسے کہ لیپ ٹاپ وغیرہ ہاتھ میں لے کر سفر کرنے پر پابندی ہے۔