جموں/نائب وزیرا علیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے وید مندر بلیکا نکیتن کے یتیم بچوں کے ساتھ رکشا بندھن کا تہوار منایا۔ بچوں نے نائب وزیر اعلیٰ کی کلائی پر راکھی باندھی اور اُن کی شفقتیں حاصل کی۔ ڈاکٹر سنگھ نے بچوں کے ساتھ بات چیت کی اور اُن کی تعلیم اور اُن کی ضرورتوں کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ ان خوبصورت بچوں کے ساتھ اس تہوار کو منا کر بہت مطمئن ہیں اور یقین دلایا کہ حکومت ان بچوں کی حفاظت اور بہتر ماحول فراہم کرنے اور انہیں کامیاب زندگی دینے کے سلسلے میں تمام ممکنہ اقدامات کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تہواروں کو منانے کا مزہ تبھی آتا ہے جب مل جل کر منایا جائے ، جس کی بدولت محبت اور بھائی چارہ کا بندھن مضبوط ہوتا ہے۔ اس سے قبل نائب وزیر اعلیٰ نے رکشا بندھن ادتیا پرا تشتھان کے یتیم بچوں کے ساتھ منائی۔ اس موقعہ پر ایم ایل اے راجیش گپتا ، ایم ایل سی رومیش ارورہ ، سینئر لیڈر ممتا سنگھ ، سیکرٹری وید مندر سدیش پال اور یتیم خانے سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکن موجود تھے۔