کراچی/جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون ٹیم کی قیادت کریں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے جمعرات کو ورلڈ الیون میں شامل 14 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔پاکستان آنے والی اس ورلڈ الیون میں موجودہ اور سابق کرکٹرز شامل ہیں جن میں جنوبی افریقہ کے پانچ، آسٹریلیا کے تین، ویسٹ انڈیز کے دو جبکہ سری لنکا، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اورانگلینڈ کا ایک کھلاڑی شامل ہے۔ورلڈ الیون میں شامل کرکٹرز میں ڈوپلیسی، ہاشم آملا، مورنی مورکل، ڈیوڈ ملر، عمران طاہر، ڈیرن سیمی، سیموئل بدری، تمیم اقبال، تشارا پریرا، گرانٹ ایلیٹ، پال کالنگ ووڈ، ٹم پین (وکٹ کیپر)، بین کٹنگ اور جارج بیلی شامل ہیں۔ورلڈ الیون 11 ستمبر کو لاہور پہنچے گی اور وہ پاکستان پہنچنے سے قبل دبئی میں مختصر ٹریننگ کیمپ میں حصہ لے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین نجم سیٹھی کے مطابق ورلڈ الیون کے دورے میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے آئی سی سی کے سکیورٹی ماہرین کی ٹیم پاکستان پہنچ رہی ہے۔خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ یہ اعلان کرچکا ہے کہ ورلڈ الیون کے دورے کے بعد سری لنکا کی ٹیم اکتوبر اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم نومبر میں پاکستان کا دورہ کریگی۔