سرنکوٹ //سرنکوٹ کے دھندی دھڑہ علاقے سے گونتھل کو جانے والی سڑک تعطل کاشکار ہے اور متعلقہ حکام کی لاپرواہی کا اندازہ اس بات سے لگایاجاسکتاہے کہ محض پانچ کلو میٹر سڑک پچھلے آٹھ سال سے نہیں بن پائی ہے ۔حکا م نے نبارڈ سکیم کے تحت چرالاں تا سانگلہ براستہ دھندی دھڑا 5 کلو میٹر سڑک 2009میں شروع کی جو ہنوز تشنہ تکمیل ہے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ اس سڑک پر ساڑھے تین کروڑ روپے خرچ ہوچکے ہیںمگر اس کی حالت دیکھنے لائق ہے ۔انہوںنے الزام لگایاکہ محکمہ نے زمین کھود کر ان کو صرف نقصان پہنچایاہے اور اب نہ ہی زمین رہی اور نہ ہی روڈ بن پائی ہے ۔ان کاکہناہے کہ لوگوں کی زمینیں اور مکان تباہ ہورہے ہیں لیکن محکمہ کوئی کارروائی نہیں کررہا۔ان کاکہناہے کہ نہ ہی اس سڑک پر کام مکمل ہوا اور نہ ہی تارکول بچھایاجارہاہے اوراس کی حالت اس قدر خراب ہے کہ پیدل بھی نہیں چلاجاتا۔دھندی دھڑا کے لوگوں کاکہناہے کہ اس سڑک پر خرچ ہوئی رقومات کی تحقیقات کرائی جائے اور اس کی فوری تکمیل کی جائے ۔ اس سلسلے میں جب اے ای ای محکمہ تعمیرات عامہ سرنکوٹ انوار خان سے بات ہوئی توانہوں نے بتایا کہ سڑک کے کام کو جلد مکمل کیاجائے گا ۔انہوںنے بتایاکہ دو جگہوں پر سڑک کے معاملے پر تنازعات چل رہے تھے جن کو گزشتہ رو ز ہی حل کردیاگیاہے اور اب بہت جلد سڑک کاکام شروع ہوجائے گا۔