پونچھ//پونچھ کے نوجوانوں کی تنظیم یوتھ ایسوسی ایشن سروس ہیومین اینڈ نیشن نے برما کے مسلمانوں کے قتل عام پر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔اس موقعہ پر مظاہرین نے برمی حکومت کیخلاف مردہ باد کے نعرے لگائے متاثرہ کنبوں کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کیا۔مظاہرے کی قیادت کر رہے ایسوسی ایشن کے چیئرمین امتیاز احمد سلاریہ نے کہا کہ وہ کسی بھی انسان کے ساتھ ہورہے ظلم کو برداشت نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کے برما میں مسلمانوں کو سر عام قتل کیا جا رہا ہے لیکن بدقسمتی سے عالم اقوام کا ضمیر مردہ ہوچکاہے جو اس نے چپ سادھ رکھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی حکمرانوں کی جانب سے بھی اس ظالمانہ اور وحشیانہ اقدام پر برما حکومت کی مذمت نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ میانمار کے فوجی بچوں کے سرکاٹ رہے ہیں اور بے گناہ لوگوں کو زندہ ہی جلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ میانمار کے فوجیوں نے صوبہ رخائن کے ایک دیہات میں تقریباً دو سو مردوں، عورتوں اور بچوں کا قتل عام کیا ہے ، فوجیوں نے بڑی تعداد میں روہنگیا عورتوں کو گرفتار کرکے ان پر تشدد کیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ انصاف نام کی کوئی چیز ہی نہیںہے ۔انہوں نے تمام ممالک سے اپیل کی کہ وہ برما میں مسلانوں کی قتل و غارت کو روکنے کے اقدام کریںنہیںتومسلمان بندوقیں اٹھا کر خود اپنے بھائیوں کی مدد کرنے کے لئے برما کے خلاف جنگ کا اعلان کر دیںگے۔