پونچھ
پونچھ// پورے ملک کی طرح پونچھ میں بھی یوم اساتذہ پر تقریبات منعقد ہوئیں۔بوائز ہائر سیکنڈری اسکو ل پونچھ میں بھی تقریب منعقد کی گئی جس کی صدارت ممبرقانون ساز کونسل پردیپ شرما نے کی ۔اس موقعہ پر مقررین نے کہا کہ اساتذہ کو یاد کرنے کا یہ دن ہندوستان کے پہلے نائب صدر اور دوسرے صدر جمہوریہ ڈاکٹر سراواپلی رادھا کرشنن کے یوم پیدائش پر منایا جاتا ہے جو کہ بنیادی طور پر ایک استاد تھے اور اساتذہ کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں رہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے بارے میں ان کا جو نقطہ نظرتھا،اس پر ہمارے ملک میں کبھی خاطر خواہ عمل تو نہ ہوا لیکن ان کے یوم پیدائش پر ’’یوم اساتذہ‘‘ منانے کی روایت ضرور پڑگئی ۔پردیپ شرما نے کہا کہ ڈاکٹر رادھا کرشنن جو ایک استاد کی حیثیت سے ترقی کرکے صدر جمہوریہ کے اعلیٰ عہدے پر فائز ہوئے تھے،خود کو استاد کہلانا ہی پسند کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہایت منکسرالمزاج تھے اوران کا لباس سفید کوٹ، پگڑی اور دھوتی ہوا کرتا تھا، طلباء میں وہ اتنے مقبول تھے کہ یونیورسٹی سے رخصت ہونے پر طلباء ایک گھوڑا گاڑی پھولوں سے سجاکر لائے۔ اسی سلسلے میں ایک تقریب گرلز ہائرسکنڈری اسکول شیش محل میں منعقد کی گئی جس میں ڈی ای پی او مکھن لال مہمان خصوصی تھے ۔اس دوران مقررین نے کہا کہ جمہوری ہندوستان میں صدارت کا عہدہ سب سے معزز شمار ہوتا ہے اورحسن اتفاق سے ڈاکٹر رادھا کرشنن کے بعد صدارت کے لئے دوسرے ماہر تعلیم اور معلم ڈاکٹر ذاکر حسین خان کا انتخاب عمل میں آیا اور اس کے بعد ایک اور صدر ڈاکٹر شنکر دیال شرما بھی بنیادی طور پر ایک استاد تھے ۔ڈگری کالج پونچھ میں بھی ایک تقریب یوم اساتذہ کے عنوان سے منعقد کی گئی جس میں کالج کے پرنسپل ،نائب پرنسپل اور دیگر ان نے شرکت کی۔کالج میں ایک سیمپوزیم بھی منعقد ہواجس میں کالج کے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔اس دوران نظامت کے فرائض ڈاکٹر شمیم احمد بانڈے نے انجام دیئے جبکہ شکریہ کی تحریک نائب پرنسپل پروفیسر مسرف شاہ نے پیش کی۔اسی حوالے سے ایک تقریب پہاڑی ہوسٹل برائے طالبات میں بھی منعقد کی گئی جس کی صدارت وارڈن سیدہ صغریٰ نے کی۔
ڈگری کالج تھنہ منڈی
تھنہ منڈی //گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی کے این ایس ایس ونگ کی طرف سے یوم اساتذہ کی مناسبت سے ایک تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت کالج کے پرنسپل ڈاکٹر شکیل احمد رینہ نے کی جبکہ اس موقعہ پر سابق پرنسپل ایس ڈی شرما مہمان خصوصی تھے ۔اس موقعہ پر کالج کا جریدہ ’دی شاہدرہ‘ کا اجراء بھی عمل میں لایاگیا۔ بعد میں سماج میں استاد کے رول اور اخلاقی تعلیم کے موضوعات پر سیمپوزیم کرایاگیاجس میں فلاور افسانہ چاند ، سہریش شکور اور دانش بشیر نے بالترتیب پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی ۔اس دوران طلباء نے رنگ رنگا پروگرام بھی پیش کئے اور بھائی چارے پر زور دیا ۔پروفیسر شاجی خان نے ڈاکٹر رادھا کرشنا کی زندگی اور ان کے کارناموں پر روشنی ڈالی ۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر ایس ڈی شرما نے شکیل رینہ کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ قوم کی ترقی میں ٹیچر کا نمایاں رول ہے اور والدین کے استاد ہی بچوں کی صحیح معنوں میں تربیت کرسکتاہے ۔ڈاکٹر شکیل رینہ نے کہاکہ ڈاکٹر رادھا کرشناایک رول ماڈل ہیں جن کے نقش قدم پر چل تعلیم دی جانی چاہئے ۔ انہوںنے تعلیم کے فروغ میں ڈاکٹر ایس ڈی شرما کے رول کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ ان کو ان کی خدمات کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ اس پروگرام کا آغازشاہد علی کی طرف سے قرآن پاک کی تلاوت سے ہوا ۔نظامت کے فرائض پروفیسر رضوان احمد خان نے انجام دیئے جبکہ اس موقعہ پر این ایس ایس پروگرام افسر پروفیسر سلیم ایاز راتھر ، ڈاکٹر خالد ریاض ، ڈاکٹر ارون شرما، پروفیسر شوکت ،ڈاکٹر تنویر حسن اور پروفیسر اشفاق حسین وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
سنگیوٹ مینڈھر
مینڈھر//مینڈھر کے سنگیو ٹ علا قہ میںفو ج کی جانب سے یو م اساتذہ پر ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں طلباء کے علاوہ ان کے والدین نے بھی شرکت کی ۔یہ پروگرام مقامی سرکاری سکول میں منعقد ہوا۔ فو ج کی مقامی یو نٹ کے انچار ج نے یو م اسا تذہ منا نے کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہاکہ بچو ں اور اساتذہ کے ما بین بہتر تال میل رہے تا کہ لو گو ں میں بھی اس کے اچھے اثر ات پیدا ہو ں۔ اساتذہ نے بھی یو م اساتذہ پر روشنی ڈالتے ہوئے فو ج کا شکر یہ ادا کیا ۔انہوںنے کہاکہ آئندہ بھی ایسے پروگرام منعقد ہوتے رہنے چاہئیں ۔
تھنہ منڈی
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں ٹیچرس ڈے کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ ماڈل بوائزہائر اسکنڈری اسکول تھنہ منڈی میں اس سلسلہ میں تقریب منعقد ہوئی جس میں سکول کے پرنسپل محمد صدیق گنائی، وائس پرنسپل لیکچرار فاروق احمد چاند،محمد ایاز رینہ،شاہین آراودیگر عملہ اور طلباء بھی موجو دتھے ۔اس موقعہ پر مقررین نے استادکے رول پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ استاد قوم کا معمار ہوتا ہے جسکی کوشش سے بڑے بڑے ادیب ،دانشور اور بہترین انسان پیدا ہوتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس معاشرے میں جو مقام ایک استاد کا ہونا چاہیے،وہ نہ ملنے کی وجہ سے تعلیمی معیار بلند نہیں ہو رہا ، دنیا کے دیگر ممالک چین،جاپان، فرانس،امریکا ،کوریا، فن لینڈ اور اٹلی وغیرہ میں استاد کو بلند مقام حاصل ہے جسکی وجہ سے وہاں کا تعلیمی معیاربھی بلند ہے۔ انہوں نے یہ کہا کہ جرمنی میں سب سے زیادہ تنخواہ استاد کو دی جاتی ہے ۔اسی طرح کی ایک تقریب گرلز ہائر اسکنڈری اسکول تھنہ منڈی میں منعقد ہوئی جس میں اسکول کی طالبات نے حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اساتذہ کو تحفے پیش کئے۔ اسکول کے پرنسپل منظور احمد گنائی، شہزاد رینہ،سہیل ملک، محمد جمیل، طاہر نجارودیگرعملہ بھی اس موقعہ پر موجودتھا۔وہیں آفتاب میموریل انسٹی ٹیوٹ تھنہ منڈی ، یاسین انگلش پبلک اسکول و دیگر تعلیمی اداروں میں اسی طرح کی تقریبات منعقد کی گئیں۔
منجاکوٹ
منجاکوٹ// منجا کوٹ کے تعلیمی اداروں میں بھی یوم اساتذہ پر تقریبات منعقد کی گئیں ۔ اس سلسلے میں ایک تقریب ہائی سکول ہٹاں سیری میں منعقد ہوئی جس دوران مقررین نے اساتذہ کے رول کی سراہنا کرتے ہوئے اس بات پر زور دیاکہ بچوں کی تعلیم وتربیت پر خصوصی دھیان دیاجائے ۔ تقریب میںمہمان خصوصی ہیڈ ماسٹر محمد رفیق تھے ۔تقریب میں سکول کے اساتذہ اور طلباء نے بھی حصہ لیا ۔اسی طرح کی ایک تقریب انٹرنیشنل سکول منجاکوٹ میں بھی منعقد ہوئی جہاں اساتذہ کے رول پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر رادھا کرشنا کی خدمات بھی بیان کی گئیں ۔ اس موقعہ پر مقررین نے کہاکہ ایک ٹیچر کا تعلیم وتربیت میں نمایاں رول ہوتاہے اور اسے وہ ایمانداری سے انجام دیناچاہئے ۔