پونچھ//ستمبر 2014میں آئے تباہ کن سیلاب کے دوران دیگر سڑکوں کے ساتھ ساتھ ڈنگس لنک سڑک بھی تباہ ہوگئی تھی جس کی ابھی تک دوبارہ پوری طرح سے مرمت نہیں کی گئی ہے ۔یہ سڑک جوپونچھ کے سب سے بڑے شمشان گھاٹ شانتی استھل،کرائسٹ اسکول ، گورنمنٹ پرائمری اسکول اور آل انڈیا ریڈیوا سٹیشن کے رہائشی کوارٹروں کے علاوہ ایک بڑی بستی کو جوڑتی ہے،کی مرمت کا کام نہ کئے جانے کی وجہ سے عوام کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔یہ سڑک ڈنگس کی جانب سے شیر کشمیر پل کی طرف جاتی ہے اورآدھے کلو میٹر سے بھی کم ہے لیکن حکام کی عدم توجہی کے باعث اس کی مرمت نہیں کی گئی ہے ۔ اگر چہ اس سڑک پر یک طرفہ گاڑیاں آتی جاتی بھی ہیں لیکن اس حصہ کا بھی برا حال ہے اورجگہ جگہ کھڈے بنے ہوئے ہیں جن میں پانی اور کچرا بھر جانے کی وجہ سے ہمیشہ لوگ پریشان رہتے ہیں۔محلہ کے لوگوںکاکہناہے کہ وہ پونچھ قصبہ میں رہ کر بھی ایسا محسوس کر رہے ہیں جیسے وہ کسی جنگل میں رہائش پذیر ہوں۔انہوں نے کہا کہ سڑک کی خستہ حالت کی وجہ سے ان کے بچوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس حوالے سے وہ کئی بار ضلع افسران سے اپیل کر چکے ہیں لیکن ان کی اپیل کا کوئی فائدہ نہیںہوا۔پرویز احمد نامی شخص کاکہناہے کہ پونچھ کا سب سے بڑے شمشان گھاٹ اور کرائسٹ اسکول کی جانب جانے والے اس راستے کی طرف انتظامیہ متوجہ نہیں ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر سے اپیل کی کہ وہ ذاتی مداخلت کر کے اس سڑک کاکام جلد از جلد شروع کروا کر اسے ٹھیک کرائیں۔