کولمبو/سری لنکن آل راو¿نڈر تھیسارا پریرا کا کہنا ہے کہ ہمیں پاکستان کی مدد کرنی ہے اور برے وقت میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا ہے۔کولمبو سے بذریعہ ٹیلی فون ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے تھیسارا پریرا کا کہنا تھا کہ انہوں نے دبئی روانگی کی تیاری کرلی ہے جہاں وہ ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کے ہمراہ پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے۔تھیسارا پریرا نے بتایا کہ ورلڈ الیون کے کوچ اینڈی فلاور نے انگلینڈ میں جاری ٹی ٹوئنٹی لیگ ’نیٹ ویسٹ بلاسٹ‘ کے دوران ان سے رابطہ کیا، جس کے بعد سے وہ اس سیریز کے لیے بے حد خوش اور پرجوش ہیں۔سری لنکن آل راو¿نڈر نے کہا کہ ’ابتدائ میں میرے گھر والے خوفزدہ تھے تاہم میں نے انہیں کہا کہ پاکستان ایشیائی ہمسایہ ملک ہے، لہذا ہمیں ان کی مدد کرنی ہے اور برے وقت میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا ہے۔‘یاد رہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم پر مارچ 2009 میں لاہور کی لبرٹی چوک پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد تھیسارا پریرا، پاکستان کا دورہ کرنے والے سری لنکا کے پہلے کھلاڑی ہوں گے۔تھیسارا پریرا کا کہنا تھا کہ آئی سی سی ورلڈ الیون کے ساتھ کھیلنا ان کے لیے ایک بہترین موقع ہے اور اس موقع کو وہ اپنے ہاتھوں سے جانے نہیں دیں گے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے 2009 میں پاکستان کا دورہ کرنے والی سری لنکن ٹیم کے کھلاڑیوں سے مشاورت بھی کی، اور حیران ک±ن طور پر کسی بھی کھلاڑی نے انہیں پاکستان جانے سے نہیں روکا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں سری لنکا کی جانب سے ورلڈ الیون کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے اور اس ٹیم میں منتخب ہونا ان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔