کوٹرنکہ //محکمہ سیاحت کی عدم توجہی کے باعث کوٹرنکہ میں نانگہ تھب کا سیاحتی مقام ویرانی کا منظر پیش کررہاہے ۔اس مقام پر محکمہ نے چند سال قبل لاکھوں روپے کا خرچہ کر کے کچھ تعمیری کام کئے تھے تاہم وہ اب خستہ حالی کا شکار ہو گئے ہیں ۔یہاں تعمیر شدہ شیڈ بھی محکمہ کی عدم توجہی کاشکار بنے ہوئے ہیں اور ان کو لاوارث چھوڑ دیاگیاہے ۔اب یہ شیڈ مکمل طور پر تباہ وبرباد ہوچکے ہیں ۔مقامی لوگوں نے محکمہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکار کی طرف سے لاکھوں روپے خرچ کرنے کے بعد بھی زمینی سطح پر کوئی تبدیلی نہیں ہوئی اور نہ ہی اس سیاحتی مقام کو جاذب نظر بنایاجاسکاہے ۔ عبدالقیوم ،محمد شبیر، شکیل چوہان، شوکت علی وغیرہ نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ جہاں جہاں پر بھی ٹورازم کی عمارتیںیا شیڈ تعمیر کئے گئے ہیں، ان پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ افسران کو نانگہ تھب جیسے علاقوں پر توجہ دینی چاہئے جو قدرتی خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہیں ۔انہوںنے کہاکہ سیاحتی مقام کو ترقی دی جائے اور انہیں تباہ نہ کیاجائے ۔