واشنگٹن // صدر ڈونلد ٹرمپ نے کہا ہے کہ منگل کی رات نیویارک کے علاقے میں ہیٹن میں دہشت گردی کے ذریعے کئی افراد کو ہلاک کرنے والا ازبک حملہ آور لاٹری ویزے پر امریکہ میں داخل ہوا تھا۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جنگجو یانہ حملوں کی لہر کے تناظر میں وہ ویزہ لاٹری پروگرام فوری طور پر ختم کرنے کے لیے کانگریس کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں آج سے متنوع لاٹری پروگرام ختم کرنے کے عمل کا آغاز کر رہا ہوں۔ میں کانگریس سے یہ کہنے جا رہا ہوں کہ وہ اس پروگرام سے جان چھڑانے کے لیے فوری طور پر اپنا کام شروع کر دیں۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ’ ڈائورسٹی، اور ڈائورسٹی لاٹری کے الفاظ سننے میں اچھے لگتے ہیں، لیکن یہ پروگرام اچھا نہیں ہے۔ یہ ہمارے لیے اچھا ثابت نہیں ہوا۔ ہم اس پروگرام کے خلاف رہے ہیں۔دنیا بھر کے ایسے افراد جو امریکی شہریت حاصل کرنے کے خواہش مند ہوں، لیکن امریکہ میں ان کے خاندان کا کوئی فرد موجود نہ ہو، یا اسے روزگار کی ضمانت دینے والا کوئی کاروباری شخص یا ادارہ نہ ہو، یا وہ پناہ گزین کی شرائط پر پورا نہ اترتا ہو، تو وہ امریکہ میں مستقل رہائش کی دستاویز’ گرین کارڈ ‘حاصل کرنے کے لیے ویزہ لاٹری پروگرام میں حصہ لے سکتا ہے۔