پونچھ //پونچھ قصبہ کے گنائی محلہ کی طرف سے تکیہ پہلوان شاہ کے سامنے سے گزرنے والے راستے پر عرصہ دراز پہلے ٹائیل بچھائے جانے کا کام شروع کیا گیا تھا جو محلہ سرائی میں نامکمل چھوڑ دیا گیا ہے۔اس حوالے سے محلہ کے لوگوں نے محکمہ میونسپل کونسل سے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ٹائیلیں بچھائے جانے کا کام شروع کیا گیا تھا تو محکمہ کا فرض تھا کہ وہ یہ کام مکمل بھی کرواتالیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر یہ کام درمیان میں ہی نامکمل چھوڑ دیا گیا ہے جس کی وجہ سے و لوگ کئی پریشانیوں سے دوچار ہیں۔وپن کمار نامی شخص نے بتایا کہ محلہ سرائی ایک تاریخی محلہ ہے جس کی طرف عرصہ دراز سے توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس محلہ کے جانب آنے والے تقریبا تمام راستوں کی مرمت کر کے ان پر ٹائیلیں بچھائی گئی ہیں لیکن جب محلہ سرائی تک پہنچتے ہیں تو وہاں پر کام بند کر دیا جاتا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ اس محلہ کو جان بوجھ کر نظر انداز کیاجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ محلہ سرائی چوک کسی نالے کی مانند ہو گیا ہے جس کو لیکر وہ کئی بار متعلقہ محکمہ کے افسران سے اپیل کر چکے ہیں کہ وہ اس طرف بھی توجہ دیں لیکن افسران یقین دہانی کے علاوہ کچھ نہیں کرتے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمیشنر سے مداخلت کی اپیل کی۔ رابطہ کرنے پر ارشاد حسین صوفی چیف ایگزیکیٹیو افسر میونسپل کونسل پونچھ نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے منصوبہ تیار کیا گیا ہے جلد ہی سرائی محلہ چوک کی مرمت کر کے وہاں ٹائیلیں بچھانے کا کام کروائیں گے۔