جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے پنتھرس پارٹی کی ایک ریلی میں جموں وکشمیر کے ہندستانی شہریوں کے نام اپنے پیغام میںآج کہا کہ " جموں وکشمیر کی تشکیل نو سے ہی جموں وکشمیر کے تینوں خطوں جموں، لداخ اور وادی کے کشمیر لوگوں کو انصاف ،مساوات اور قانون کی حکمرانی مل سکتی ہے جس سے وہ 1947سے محروم ہیں۔ یہی واحد راستہ ہے تینوںخطوں کے لوگوں کو مکمل تحفط اور سیکورٹی فراہم کرنے کا۔ جموں وکشمیر کی تشکیل نو کرکے دو ریاستیں جموں پردیش اور وادی کشمیر قائم کی جائیں جبکہ لداخ کے لوگوں کو اس بات کا اختیار دیا جائے کہ وہ جس ریاست وادی کشمیریا جموں پردیش کے ساتھ جانا چاہیں جا سکتے ہیں یا پھر اگر وہ چاہیں تو مرکز زیرانتظام علاقہ کے طورپر رہ سکتے ہیں اور پاک مقبوضہ کشمیر اور گلگت ۔بلتستان کے لوگ پاکستان سے آزادی کے بعد اپنی پسند کا انتخاب کریں"۔جموں وکشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی نے 2002کو اسے اپنے اعلانیہ میں شامل کیا تھا۔ نیشنل پنتھرس پارٹی کے سپریمو پروفیسر بھیم سنگھ نے کہا کہ پنتھرس پارٹی نے 6نومبر، 2017کو ریلی کا اہتمام کرکے یہ پیغام تمام اراکین پارلیمنٹ اور سیاسی جماعتوں کو بھیجا ہے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے اس ریلی کے اہتمام کے لئے جموں وکشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی کی قیادت کو مبارکباد دی اور جموں وکشمیر کے لوگوں سے اس تحریک کی حمایت کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہاکہ یہی واحد راستہ ہے تینوں ریاستوں جموںپردیش، وادی کشمیر اور لداخ کے لوگوں کو بدعنوان اور فرسودہ قیادت سے ہمیشہ کے لئے نجات دلانے کا جس سے تینوں خطوں کے لوگوں کو عزت و وقار اور ہندستانی آئین میں دیئے گئے تمام بنیادی حقوق حاصل ہوسکیں جن سے وہ 70برسوں سے محروم ہیں۔یہی پیغام ہے تمام نوجوانوں ، طلبا اور سول سوسائٹی کے نام تاکہ وہ 6 نومبر، 2017کو جموں ریاست کا درجہ دلانے کے لئے شروع کی جارہی تحریک میں شامل ہوسکیں۔یہ ریلی جموں سکریٹریٹ سے شروع ہوکر بانیہال ٹنل (وادی کشمیر کے دروازے تک) حق و انصا ف کا پیغام لے کر جائے گی۔