ڈی آئی جی کاراجوری میں دربار
ایس پی اوزکے مسائل سنے
راجوری//ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج دیپک کمارسلاتھیہ نے ضلع پولیس لائن راجوری میں ایس پی اوزکے مسائل کے ازالہ کی غرض سے دربارمنعقدکیا۔اس دوران دربارمیں 895ایس پی اوزنے حصہ لیا۔اس موقعہ پرایس ایس پی راجوری یوگل منہاس ،ایڈیشنل ایس پی راجوری محمدیوسف ،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرجسونت سنگھ ،ڈی ایس پی ڈی اے آر شازیہ میر ، ایس اوڈی آئی جی آفسرڈی پی ایس ذاکرشاہین مرزا،سینئر پی اومحمدسعیدودیگرعملہ بھی موجودتھا۔یہاں ڈی آئی جی دفترکی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیزکے مطابق ڈی جی آئی نے ایس پی اوزکے مسائل سنے اوران کاموقعہ پرازالہ کیا۔
ڈاکٹرشہنازگنائی نے لورن کے مسائل کاجائزہ لیا
عشرت بٹ
منڈی//ممبر قانون ساز کونسل ڈاکٹر شہناز گنائی نے تحصیل منڈی کے علاقہ لورن میں ایک عوامی دربار منعقد کر کے عوامی مسائل کی جانکاری حاصل کی اور کچھ عوامی مسائل موقعہ پر ہی ازالہ کروایا ۔لوہلیہ میں عرصہ دراز سے ایک فٹ برج جس کو محکمہ دہی ترقی نے کافی عرصہ سے ادھورا چھوڑا تھا اس پر دوبارہ کام شروع کرنے کے احکامات صادر کروائے۔ اس موقعہ پر عوام نے ان سے کہا کہ عرصہ دراز سے جن لوگوں نے ایم جی نریگا کے تحت کام کیا تھا ان لوگوں کو ابھی تک اجرت نہیں ملی عوام نے موصوفہ سے کہا کہ علاقہ کی عوام کو راشن جیسی سہولت سے فراموش رکھا گیا ہے جبکہ پانی بجلی کے مسائل بھی عوام کو درپیش ہیں ۔اس موقعہ پر ممبر موصوفہ نے اے ڈی پونچھ کو ہدایات جاری کی کہ وہ عوام کو اگلے تین ماہ کا پیشگی راشن واگزار کریں تاکہ سردی اور برف باری کے موسم میں عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اس موقعہ پر گنائی نے عوام کو بہتر بجلی پانی نظام فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا ۔دریں اثنا ممبر موصوف نے تحصیل کمپلکس منڈی میں اپنے فنڈ سے دیے ہوئے واٹر کولر کا بھی افتتاح کیا ۔اس دوران ان کے ہمراہ متعددافسران اور سیاسی ورکران بھی تھے۔
واررڈ نمبر2پونچھ میں پانی کی قلت سے لوگ پریشان
حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ کی سرحدی پنچایت مندھار واررڈ نمبر2میں عوام کوپانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس سلسلہ میں مقامی محمد اقبال المعروف جنگی نے کہاکہ ان کے محلہ میں محکمہ صحت عامہ کی جانب سے پانی کبھی کبھی فراہم کیا جاتا ہے اور اگر کیا بھی جاتا ہے تو وہ بالکل مختصر وقت کیلئے جس کی وجہ سے ان کا گزارہ نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ باقی محلہ جات میں پانی ہر روز دستیاب کیا جاتا ہے سوائے ان کے محلہ کے کیونکہ وہ غریبوں کا محلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں وہ لوگ کئی بار علاقہ میں تعینات کئے گئے ملازموں سے اپیل کر چکے ہیں لیکن وہ کچھ نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ ملازم کہتے ہیں کہ وہ اعلیٰ افسران سے کئی بار اس حوالے سے بات کر چکے ہیں وہی کوئی خاص توجہ نہیں دیتے۔انہوں نے محکمہ کے اعلیٰ افسران سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی وارڈ میں پانی کی قلت کو دور کرنے کے اقدام کریں۔ رابطہ کرنے پر محکمہ کے اعلیٰ افسر نے بتایا کہ ان کے پاس پہلی بار شکایت آئی ہے وہ اس سلسلہ میں جلد کاروائی کریں گے ۔
بیوپارمنڈل نوشہرہ کے صدارتی عہدہ کیلئے انتخابات
سبھا ش کپورکی95ووٹوں کے فرق سے جیت
رمیش کیسر
نوشہرہ//بیوپارمنڈل نوشہرہ کے صدرکے عہدے کیلئے ہوئے انتخابات میں میونسپل کمیٹی کے سابق چیئرمین سبھاش کپورنے اپنے مدمقابل امیدواربھارت بھوشن کو95 ووٹوں کے فرق سے شکست دے دی۔واضح رہے کہ بیوپارمنڈل کے صدارتی عہدے کے انتخابات گذشتہ 17برسوں سے نہیں کرائے گئے تھے ،بدھ کے روزبیوپارمنڈل کے صدرعہدے کیلئے انتخابات میں 864دکانداروں نے اپنے ووٹ کااستعمال کیاجبکہ کل 944 ووٹ تھے۔اس دوران سبھاش کپورکو477جبکہ بھارت بھوشن کو382ووٹ حاصل کئے اس طرح سبھاش کپور95 ووٹوں سے صدرمنتخب ہوئے۔ووٹوں کی گنتی پونے پانچ بجے شروع ہوئی اورشام 6بجے اختتام پذیرہوئی۔
سنگیوٹ میں فوج ۔عوام اجلاس منعقد
مینڈھر//فوج اورعوام کے درمیان روابط کومضبوط بنانے کی غرض سے سنگیوٹ پوسٹ کمانڈر میجرایس گھاتک نے سنگیوٹ مینڈھرمیں معززشہریوں کے ساتھ میٹنگ کاانعقاد کیاجس میں سرپنچوں،پنچوں ،نمبرداروں ودیگرمعززین نے شرکت کی۔اس موقعہ پرلوگوں نے پانی،بجلی،سڑک ،پی ایچ سی میں ایمبولینس کی کمی جیسے مسائل اُجاگرکیے۔اس دوران میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے میجرایس گھاتک نے لوگوں کے جائزمطالبات متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ کرکے پورے کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اگرمشتبہ نقل وحرکت دیکھیں تواس کی اطلاع فوری طورپرفوج کودیں۔
پروٹیکشن گارڈ کی موت پراظہارتعزیت
طارق شال/ تھنہ منڈی کے علاقے طوطا موھڑا سے تعلق رکھنے والے فارسٹ پروٹیکشن گارڈ کی بے وقت موت پر متعدد اشخاص نے گہرے دکھ کااظہار کیا ہے۔ پروٹیکشن گارڈ محمد ریاض مغل جنکی موت حرکت قلب بند ھو جانے سے ہوئی ہے۔ مرحوم ایک ایماندار اور شریف النفس شخص ھونے کے ساتھ ساتھ سماجی کارکن تھے۔ مرحوم کی بے وقت موت سے تھنہ منڈی کے پورے علاقے میں ماتم ہے اورانہوں نے دعائے مغفرت کرتے ھوئے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔
پراسرارطورپرآگ کاڈھیرجل کرخاکستر
جاویداقبال
مینڈھر//مینڈھرکے کیری گلہوتہ گائوں میں ذوالفقاراحمدولدعالم شیرخان سکنہ کیر ی کے گھاس کے ڈھیرکوپراسرارطورپرکسی نے آگ لگادی جس کی وجہ سے اس کوبھاری مالی نقصان ہوا۔تفصیلات کے مطابق ذوالفقاراحمد کے مکان پرگذشتہ شام کسی نامعلوم شخص نے پتھربازی کی اورجب شورمچاتوکوئی بھی نہیں ملا۔کچھ وقت کی خاموشی کے بعدجب لوگ دوبارہ اپنے اپنے گھروں میں چلے گئے تواچانک اس کے گھاس کے ڈھیرسے پراسرارطورپرآگ کی لپٹیں اٹھیں ،آگ کوبجھانے کی کوشش کی لیکن اس کے باوجودگھاس کاڈھیر راکھ میں تبدیل ہوگیا۔