جموں// جموں و کشمیر میں خُشک سالی جیسے حالات کی وجہ سے ریاست کے خانہ بدوش گوجر و بکروال طبقہ اپنے مال و مویشیوں کے ہمراہ مویشیوں کے چارہ اور پانی کیلئے اب شہری علاقوں و قصبوں کا رُخ کر رہے ہیں۔طبقہ کی ایک سرکردہ انجمن ’ٹرائیبل ریسرچ اینڈ کلچر فائونڈیشن کے مطابق پہاڑی علاقوں میں رہنے والے یہ خانہ بدوش بارش کی کمی کی وجہ سے مویشیوں کے چارہ کے لئے کسمپرسی حالت میں ہیں .فائونڈیشن کی جانب سے منعقدہ ایک پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جاوید راہی نے کہا کہ گذشتہ پانچ مہینوں سے بارش نہ ہونے کی وجہ سے خانہ بدوش گوجروں کو کافی پریشانیوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خشک سالی جیسے حالات کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میںپانی کے وسائل تیزی سے ختم ہو رہے ہیں، جسکی وجہ سے ان لوگوں کو اپنے مال و مویشی سمیت شہری علاقوں کی طرف منتقل ہونا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں مویشیوں کی ایک خاص تعداد ہے جس میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہیاور موجودہ حالات میں ان مویشیوں کو پالنا طبقہ کے لئے ایک چلینج بن گیا ہے اور سرکار سے اس طبقہ کی حالت میں سدھار لانے کے لئے آگے آنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے سرکار سے طبقہ کو راحت دینے کے لئے معقول اقدام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ،تاکہ طبقہ کا مال و مویشی فاقہ کشی سے بچ جائے۔میٹنگ سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور سرکار کو خشک سالی سے متاثرہ گوجروں و بکروالوں کے لئے راحت دینے کا مطالبہ کیا ۔