راجوری//راجوری پونچھ اضلاع میں گزشتہ روز کی بارش اور برفباری کے بعد موسم سرد ہوگیاہے اور لوگوںنے گرم ملبوسات پہننے شروع کردیئے ہیں جبکہ پیر گلی اور اطراف میں برفباری ہونے کے باعث مغل شاہراہ پر دن کے تین بجے تک گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی تاہم بعد میں متعلقہ حکام نے برف ہٹاکر اسے پھر سے چالو کردیا ۔یہ برفباری اور بارش مسلسل چار مہینوں کی خشک سالی پر ہوئی ہے جو اس موسم کی تبدیلی بھی ہے ۔دونوں اضلاع میں خراب موسم کے دوران کئی علاقوں کی بجلی سپلائی بھی معطل رہی ۔محکمہ بجلی کے ذرائع کاکہناہے کہ کئی جگہوں پر فالٹ پڑ جانے سے سپلائی متاثر ہوئی ہے ۔وہیں مغل شاہراہ پر پیر گلی اور اطراف میں برفباری ہونے سے بدھ کے روز سہ پہر تین بجے تک گاڑیوں کی آمدورفت نہیںہوسکی اور اس دوران دونوں جانب گاڑیوںکو روکے رکھاگیا ۔ حکام کے مطابق چھتہ پانی سے لیکر پیر گلی کے اُس پار تک برفباری ہوئی ہے جس کو دیکھتے ہوئے گاڑیوں کاسلسلہ دن کے تین بجے تک معطل رکھاگیا لیکن بعد میں برف ہٹاکر سڑخ کھول دی گئی اور اب گاڑیاں چل رہی ہیں ۔مغل روڈ پر تعینات جونیئر انجینئر سرفراز احمد نے بتایاکہ بھاری بارش اور برفباری ہوئی جس کے بعد بدھ تین بجے تک گاڑیاں بند رکھی گئیں لیکن مشینری کا استعمال کرتے ہوئے سڑک کو تین بجے چالوکردیاگیا۔