راجوری //جموں میں گوجر قبیلوں کی بے دخلی پر بیرون ریاست زیر تعلیم طلباء نے وزیر جنگلات چوہدری لعل سنگھ کے خلاف احتجاج کیا ۔اس موقعہ پر شہزاز چوہدری،ساجد چوہدری ،مصطفی ملک، زبیر خان،دانش شیخ اور شوکت چوہدری نے کہاکہ افسوسناک بات ہے کہ ایک مخصوص طبقہ کو نشانہ بناکر گھروںسے بے گھر کیاجارہاہے اور ریاستی حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور کوئی کارروائی نہیں کررہی ۔ انہوںنے کہاکہ ان لوگوں کا آخر قصور کیاہے جو انہیں بے دخل کیاجارہاہے ۔انجینئر شہزاد چوہدری نے کہا کہ ان لوگوں کی زندگی پہلے ہی مشقت بھری ہے اور اسے مزید مشکلات کاشکار بنایاجارہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس طرح کا سلوک جانوروںسے بھی نہیں کیاجاتاکہ پہلے گھروںسے بے دخل کیاجائے اور پھر تشدد کا نشانہ بنایاجائے ۔آصف خان اور شہزاد چوہدری نے کہا کہ انہی لوگوں کی وجہ سے آج جنگل محفوظ ہیں ،حالانکہ یہ لوگ کوئی گھر کی تعمیر بھی جنگل میں نہیں کرتے لیکن اس کے باوجود حکومت ان کے ساتھ سوتیلا برتا ئو کرتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ر ہر ایک کو برابری سے رہنے دیاجائے اوراچھی زندگی بسر کرنے کا حق دیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ اس ظلم و ستم کو بند کیاجائے اور لوگوں کو اجاڑنے کے بجائے بسایاجائے ۔