منڈی//منڈی کے اڑائی علاقے میں واقع عبدالمجید بانڈے ایجوکیشن ویلفیئر سوسائٹی نے اپنا پانچواں یوم تاسیس منایا۔ اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شامل ہوئے ۔یوم تاسیس کی تقریب پروفیسر شمیم احمد بانڈے چیئر مین عبدالمجید بانڈے سوسائٹی کی زیر قیادت منعقد ہوئی جس دوران ادارے کے طلبا نے کئی موضوعات پر تقاریر اورمقالے پیش کئے ۔ مقررین نے مرحوم ماسٹر عبدالمجید بانڈے کی خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے ان کی شخصیت پر روشنی ڈالی ۔انہوںنے کہا کہ وہ اس گائوں کے پہلے شخص تھے جنہوں نے یہاں تعلیم کی شمع روشن کی ۔اس دوران لوگوں نے سڑک کی خستہ حالت ،بجلی، پانی اور دیگر مسائل سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا ۔اپنے خطاب میں طارق احمد زرگر نے مرحوم ماسٹر عبدالمجید بانڈے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہی لوگ اصل میں قوم کے معمار ہوتے ہیں جن کی وجہ سے اندھیرے چھٹ جاتے ہیں اور روشنی نمودار ہوتی ہے ۔ انہوںنے عوامی مسائل حل کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ وہ ان کو بہت جلد حل کریںگے ۔تقریب میں ایکسن مقبول نائیک ،معروف ناظم پردیپ کھنہ، تحصیلدار منڈی عبدالقیوم خان، مولوی فرید ملک ،مہتمم جامعہ تعلیم القرآن اڑائی مولانا شمس الدین قاسمی ،آرمی کمانڈنگ آفیسر سرون چوہان ،جے ای وشال بالی ،مولانا زاہد الحسن، ماسٹر خورشید احمد صابری ،ماسٹر الطاف حسین ،حاجی نور دین شیخ وغیرہ بھی موجو دتھے ۔