پونچھ//سابق ممبر پارلیمنٹ طارق حمید قرہ نے پونچھ میںچار روزہ قیام کے دوران مُختلف عوامی وفود سے مُلاقات کی۔ یہاں جاری بیان کے مطابق وفود نے اُن سے یہاں کے عوام کے ساتھ سیاسی جماعتوں کے دئورِ اقتدار میں نا انصافیوں کا ذکر بھی کیا۔ وفود کا کہنا تھا کہ مخلوط حکومت نے بھی اس خِطہ کو پچھلی سرکاروں کی طرح ایک ناکارہ عضو سمجھ رکھا ہے، جہاںاس تاریخی خِطہ کو پچھلے تیس سال سے مُختلف حکومتوں نے وزارت میں جگہ نہیں دی وہیں بدلائو کا نعرہ دینے والی جماعت پی۔ڈی۔پی نے بھی اس علاقہ کو نظر انداز کر دیا۔ وفود کا کہنا تھا کہ مخلوط حکومت کی بڑی اکائی ہونے اور یہاں کی نشست حاصل کر نے کے باوجود پی۔ڈی۔پی نے اس علاقہ کو وزارت میں جگہ نہ دے کر یہ ثابت کیا کہ وہ بھی دوسری جماعتوں کی طرح اس علاقہ کو صرف ووٹ بنک کی طرح استعمال کر رہی ہے اوراسی کے نتیجہ میں ترقیاتی امور انجام نہیں پارہے اور ٹھیکیداران کو سابقہ کاموں کے فنڈز اس وقت تک واگزار نہیں کئے گئے ۔عوام نے کہا کہ تین سال قبل آئے طوفانی سیلاب میں تباہی کے بعد پونچھ دریا سے کلائی تک کا ترقیاتی پروجیکٹ ابھی بھی ٹھنڈے بستے میں ہے ۔ وفود کا کہنا تھا کہ عرصہ دراز سے بے روزگار نوجوانوں کی بھرتی کے لئے کوئی بھی تعیناتی نہیں کی گئی جس سے نوجوانوں میں مایوسی پائی جارہی ہے۔ موصوف نے تمام وفود کو غور و خوض سے سُنا ۔ اُنہوں نے وفود سے کہا کہ اس وقت وہ غیر سیاسی دعوت پر یہاں حاضر آئے تھے تاہم اُن کی اس صورتِ حال کو وہ ضرور کسی بڑی فورم میں رکھیں گے اور اُنہیں درپیش مسائل کا ازالہ کرنے کی بھر پور کائوش کریں گے۔اپنے اس قیام کے دوران موصوف نے مرکزی جامع مسجد پونچھ میں حاضری دینے کے بعد علاقہ کی معروف درگاہ حضرت سائیں بابا میراں بخش کی زیارت میں بھی حاضری دی ۔ حدِ متارکہ پر واقع اس درگا ہ پر موصوف نے ریاست جموں و کشمیر کی خوشحالی اور امن و امان کے لئے بارگاہِ الٰہی میں خصوصی دُعا کی ۔ اس دئورہ میں اُن کے ہمراہ راجوری سے حاضر آئے ہوئے اقبال شال، سبھاش چندر شرما، اشوک شرما،محمد اکرم خان، نثار احمد، اعجاز احمد مدنی ، چوہدری شمشیر ہکلہ و دیگر ان بھی تھے۔واضح رہے کہ قرہ غیر سرکاری تنظیم ’ پونچھ یوتھ انٹلیکچوئولز فورم‘ کی جانب سے منعقد کروائے گئے سیمینار میں مہمانِ خصوصی کے طور پر تشریف لائے تھے۔