منڈی//انجمن تنظیم المومنین کے زیر اہتمام منڈی تحصیل صدر مقام پر میلاد النبی ؐکے حوالے سے محفل میلاد کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں عالمی شہرت یافتہ عالم دین مولانا اختر عباس جون نے سیرت رسول کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول اکرم محمد مصطفیؐ کی ولادت کے باعث دنیا میں چار انقلاب بر پا ہوئے جن میں تعلیمی، سماجی ،سیاسی اور اخلاقی انقلابات نے عرب کے اس دور کے انسانوں کی فکروں کو مہمیز کیا۔ انہوں نے کہا کہ رسول خدا ؐنے اپنے علم کے ذریعہ سے عرب کے اس جاہل معاشرے میں جب قدم رکھا تو ہر جاہل کو علم کے زیور سے آراستہ کر کے اس دور میں علمی انقلاب لایا۔ انہوں نے کہا کہ علم کی شمع سب سے پہلے رسول اکرمؐ نے روشن کی اور بعد میں انہوں نے علم کے دروازے کو متعارف کروایا جو کبھی بند نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے رسول ؐنے سماجی بے حسی اور سماج کے ظالمانہ اصولوں کو ختم کرکے تقویٰ کی بنیاد پر اپنی زندگی میں عمل کر کے سماجی انقلاب برپا کیا۔ان کاکہناتھاکہ آپ ؐ نے باطل طاقتوں کے اصول توڑ کر اور باطل بنیادوں پر اس دور میں جوڈھانچہ بنا ہوا تھا ،کو ختم کرکے اجتماعی انقلاب پیدا کیا۔ اختر عباس جون نے کہا کہ اللہ کے نبی ؐنے اپنی زندگی میں بچوں اور بزرگوں کو سلام کرنے میں پہل کر کے اور اپنی بیبیوں پر مہربانی کر کے اخلاقی انقلاب پیدا کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ آپ ؐکی سیاست یہ تھی کہ آپ اپنی زندگی کو قربان کر کے دوسروں کو اٹھاتے تھے ،اس طرح سے آپ ؐنے سیاسی انقلاب برپا کیا ۔انہوں نے کہا کہ رسول ؐکا پیدا کردہ سیاسی انقلاب پوری دنیا کی ضرورت ہے۔ مولانا نے کہا کہ رسول ؐنے اپنی سیرت کی بنا پر لوگوں کو اسلام کی دعوت دی نہ کہ معجزوں سے ۔محفل سے قبل منڈی کے علاقہ ساتھرہ میں مسجد زہرا کا مولانا اختر عباس جون کے ہاتھوں سنگ بنیاد رکھا گیا ۔