پونچھ//چار سال سے زیر التوسہڑی خواجہ تا ہاڑی بڈھا سڑک کا تعمیراتی کام مکمل نہ کئے جانے کی وجہ سے دیہی علاقہ جات کی ہزاروں کی آبادی کو روزانہ مسائل کاسامناکرناپڑتاہے ۔پی ایم جی ایس وائی کے زیر اہتمام اس پانچ کلو میٹر سڑک کا کا م درمیان میں ہی بند کئے جانے پر مقامی لوگوں کے وفود ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور متعلقہ محکمہ کے افسران سے کئی بار ملاقی ہوئے لیکن جب یقین دہانیوں پر بھی کوئی عمل نہ ہواتو مقامی لوگوںنے میدانہ میں پر امن احتجاج کیا جس کی قیادت سابق سرپنچ نیڑیاں عبدالرشید انقلابی کررہے تھے۔اس موقعہ پر مظاہرین نے حکام کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ وہ لوگ آج کے اس ترقی یافتہ دور میں بھی کئی کلو میٹر پیدل سفر کرتے ہیں اور کئی کلو گرام وزن اپنے کاندھوںپر اٹھاکر گھر لیجاتے ہیں۔ان کاکہناتھاکہ سڑک کی زد میں آنے والی اراضی کے مالکان کو معاوضہ بھی نہیں دیاگیااور نہ ہی افسران کے دیگر مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دو سال قبل عوام کی پر زور اپیل پر ایک ٹھیکیدار نے کام شروع کیا تھا لیکن چند دنوں بعد ہی اسے بند کردیاگیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سڑک کا کام جلد از جلد شروع کروا کراسے مکمل کیا جائے ۔انقلابی نے انتباہ دیا کہ اگر تعمیراتی کام شروع نہ کیا گیا تو جموں پونچھ شاہراہ کو میدانہ کے مقام پر بندکرکے بڑے پیمانے پر احتجاج کیاجائے گاجس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔احتجاج میں غلام محمد آزاد ،عبدالرزاق خاکی، فضل حسین، مولوی خلیل احمد،عبدالقیوم، حاجی محمد رشید، میٹ محمد بشیر، حاجی محمد شریف،حافظ محمد فرید، عبدالخالق، محمد اکرم، محمد اعظم فانی، عبدالرحمٰن،ڈیلر محمد صادق، حاجی عبدالعزیز، الف دین، محمد اسلم، غلام احمد، عبدالمجید آفریدی، محمد اقبال مرہوٹی، محمد اسلم، محمد صادق اور حاجی محمد اکرم بھی شامل تھے ۔